سی پیک کوناکام نہیں ہونے دینگے،چین کا اعلان،پاکستان کا بھی عزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چین نے انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اورسی پیک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے۔
چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لی جیان ژائو نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لئے چین پاکستان کے ساتھ ہے، سی پیک کو ناکام بنانے کی کوششیں کرنیوالوں کو مایوسی ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ چین دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی معاونت کرتا رہے گا، سی پیک منصوبہ کو سبوتاژکرنے کی کوششوں کو مل کر ناکام بنائیں گے۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے بیان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبہ کی حفاظت کرے گا، پاکستان امن اور اس خطے کے استحکام کے لئے کوشاں ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔شاہ محمود نے کہا کہ ہندوستان ریاستی دہشت گردی کے ذریعے پاکستان اور سی پیک کے پراجیکٹس کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت نے 80 ارب روپے کے لگ بھگ رقم مختص کی ہے، جس کا مقصد سی پیک پراجیکٹس کو نشانہ بنانا ہے تاہم پاکستان نے ہرصورت سی پیک منصوبے کی حفاظت کا عزم کر رکھا ہے، اگر ان پراجیکٹس کو کسی طور بھی نشانہ بنایا جاتا ہے تو چین اور پاکستان کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔