بینک میں ہپناٹائز کر کے ڈکیتی کا انوکھا واقعہ

Nov 20, 2021 | 09:40:AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں ایک بینک کی خاتون کیشیئر کو ہپناٹائز کر کے ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹ لئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے ایک بینک کے مسلم ٹاؤن برانچ میں خاتون کیشیئر سے رقم لے کر فرار ہونے والا ولید نامی نوسر باز گرفتار ہو گیا، نوسرباز رقم لوٹ کر بھاگ رہا تھا کہ لوگوں کے تعاقب کے بعد ایک برساتی نالے میں جا گرا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق بھاگتے نوسرباز کا لوگوں نے تعاقب کیا تھا، نالے میں گرنے کے بعد پکڑ میں آ گیا، یہ واقعہ نیو کراچی تھانے کی حدود میں 17 نومبر کو پیش آیا تھا، پکڑے گئے نوسرباز کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں، اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:    مرکزی بینک نے شرح سود میں ڈیڑھ فیصد اضافہ کر دیا

رپورٹ کے مطابق ملزم نے بینک کے کیش کاؤنٹر پر 50 کے نوٹوں کی ایک گڈی کے بدلے 5 ہزار کا نوٹ مانگا تھا، اس دوران جب کیشیئر نے پانچ ہزار کے نوٹ کے لیے گڈی اٹھائی، تو ملزم نے انھیں ہپناٹائز کر دیا۔خاتون کیشیئر کو اس لمحے پتا نہیں چلا کہ ملزم نے 5 ہزار کی گڈی سے خود 28 نوٹ نکالے اور فرار ہو گیا۔

تاہم جیسے ہی کیشیئر کو گڑ بڑ سمجھ آئی، انھوں نے بھاگتے نوسرباز کو پکڑوانے کے لیے بینک میں دیگر ساتھیوں کو خبردار کر دیا، جس پر بینک سے کئی افراد  نوسرباز کے پیچھےگئے، اور وہ خود کو بچانے کے چکر میں برساتی نالے میں جا گرا، جہاں سے اس کے فرار کا امکان ختم ہو گیا۔

 یہ بھی پڑھیں:    فیض آباد انٹرچینج ، 24نیوز کی ٹیم پر پولیس کا حملہ
 

مزیدخبریں