اسلام آباد۔بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندی کا نوٹیفکیشن جاری

Nov 20, 2021 | 10:36:AM
بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندی کا نوٹیفکیشن جاری
کیپشن: الیکشن کمیشن، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ای سی پی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یونین کونسلز/وارڈز کی ابتدائی فہرست 25 نومبر سے 24 دسمبر تک 30 دنوں میں تیار کی جائے گی اور 27 دسمبر کو آویزاں کی جائے گی،مزید کہا گیا کہ 28 دسمبر سے 11 جنوری تک ووٹرز حد بندی اتھارٹی کے سامنے اعتراضات دائر کر سکتے ہیں، مختلف مراحل کی تکمیل کے بعد حلقوں کی حتمی فہرست 3 فروری 2022 کو شائع کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں وفاقی حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کی نشاندہی کے بعد ای سی پی نے کہا تھا کہ اگر 10 دن کے اندر مطلوبہ ڈیٹا اور نوٹی فکیشن کمیشن کو فراہم نہ کیے گئے تو نئی یو سیز کی حد بندی، کمیشن پہلے سے مطلع شدہ یو سیز پر حد بندی کا عمل شروع کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:    خیبر پختونخوا ۔ بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری

دارالحکومت میں بلدیاتی حکومت کی مدت رواں سال فروری میں ختم ہو گئی تھی اور ای سی پی کو 120 دن کے اندر نئے انتخابات کروانے تھے، لیکن وقت پر انتخابات نہ ہو سکے۔

اگست میں وزارت نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج کے بعد آبادی میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے دارالحکومت کے علاقے میں یو سیز کی تعداد میں اضافہ کرنے کا ارادہ کیا اور نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو نافذ کرنے کے لیے اسپیڈ ورک جاری ہے،حکومت نے ابھی تک یہ ایکٹ پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرایا ہے۔

گزشتہ انتخابات میں اسلام آباد میں 50 یو سیز تھیں اور اب حکومت ان کی تعداد بڑھا کر 100 کرنا چاہتی ہے،اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی انتخابات نومبر 2015 میں ہوئے تھے جنہیں اس وقت کی حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھاری اکثریت سے جیتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:    این اے 133 کے ضمنی انتخابات ملتوی کر دیئے جائیں،الیکشن کمیشن میں درخواست دائر