(24 نیوز)مفتیٔ اعظم پاکستان اور دارالعلوم کراچی، کورنگی کے صدر مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ مفتی رفیع عثمانی کے بھائی مفتی محمد تقی عثمانی نے پڑھائی۔
نمازِ جنازہ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پی ڈی ایم و جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن، امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، علمائے کرام اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
مفتی رفیع عثمانیؒ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کو ان کے والدِ مفتیٔ اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع عثمانیؒ اور دیگر مشائخ کے پہلو میں دارالعلوم کراچی کے احاطے میں سپردِ خاک کردیا گیا۔
مفتی محمد رفیع عثمانیؒ جمعے کی شب طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ان کے قریبی عزیز و اقارب اور فیملی کے بعض افراد کی بیرونِ ملک سے پاکستان واپسی میں تاخیر کے باعث نمازِ جنازہ میں تاخیر ہوئی۔مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی رحلت پر صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر وفاق المدارس مولانا انوار الحق اور ناظمِ اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر نے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
ضرور پڑھیں :مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی انتقال کر گئے
اس سے قبل گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے درالعلوم کراچی کا دورہ کیا اور مفتیٔ اعظم پاکستان مولانا مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی رحلت کو امتِ مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر صدر، وزیراعظم، مختلف حکومتی شخصیات اور سیاسی رہنماؤں سمیت ملک بھر کے علمائے کرام اور مشائخ کا کہنا تھا کہ مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال اور رہنما انیس قائم خانی، مولانا اورنگزیب فاروقی نے بھی شرکت کی۔