(ویب ڈیسک) قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے آغاز ہوگیا، قطرکے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
افتتاحی تقریب میں امیرِقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب ایردوان سمیت دیگر نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں عربی ثقافت کے رنگ پیش کیے گئے، افتتاحی تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل ایک ویڈیو میں سمندر کے اندر، وہیل اور شارک مچھلیوں کو تیرتے ہوئے دکھایا گیا جبکہ تقریب کے آغاز پر اونٹ اور فنکار وں نے رقص پیش کیا۔
دنیائے فٹبال کے سب سے بڑے میلے کی افتتاحی تقریب میں معروف ہالی وڈ اداکار مورگن فری مین نے امید، اتحاد اور برداشت کا پیغام دیا۔ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے جھنڈوں کے ساتھ بھی فنکاروں نے پرفارمنس پیش کی جس کے بعد ورلڈ کپ فٹ بال کا آفیشل میسکوٹ میدان میں لایا گیا, جنوبی کوریا کے مشہور زمانہ میوزک بینڈ ، بی ٹی ایس کے سنگر جونگ کوک نے قطر کے معروف فنکار فہد الخوبیسی کے ہمراہ ورلڈ کپ کے آفیشل گانے ڈریمرز پر پرفارم کیا، تقریب میں رقص و موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ورلڈکپ فٹ بال کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا، امیر قطر کے خطاب کے بعد آتشبازی کا بھی مظاہر ہ ہوا جس کے بعد پروقار تقریب اختتام کو پہنچی۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں کل 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پہلا میچ قطر اور ایکواڈور کے درمیان ہوگا، ورلڈ کپ کے مقابلے 20 نومبر سے 18 دسمبرتک جاری ر ہیں گے,قطر کے پانچ بڑے شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں کل 64 میچزکھیلے جائیں گے، فرانس کی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔یاد رہے کہ قطر فیفا رورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والا پہلا عرب اور دوسرا ایشائی ملک ہے.