توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور

Nov 20, 2023 | 10:55:AM

(فرزانہ صدیق)احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

 عدالت نے توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں نواز شریف، آصف علی زرداری ودیگر کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔  دوران سماعت آصف علی زرداری، خواجہ عبدالغنی مجید، انورمجید اور یوسف رضا گیلانی کے پلیڈر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ ایک دفاع کا بیان رہتا ہے، نیب کو نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی جائے، سپلیمنٹری ریفرنس فائل کرنا ہو گا، نواز شریف کی غیر حاضری میں ریفرنس فائل ہوا تھا، ہم چاہتے ہیں سابق وزیراعظم کا موقف نیب ریکارڈ کر لے۔

مزید پڑھیں:  سابق رکن سندھ اسمبلی وسیم قریشی  ایم کیو ایم کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل

نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ درخواست پڑھنے کا وقت دیا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ اس میں کیا مسئلہ ہے نواز شریف کو بلا کر بیان ریکارڈ کر لیں۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے موقف اپنایا  گیا کہ تفتیشی افسر نے بیان ریکارڈ کرنا ہوتا ہے وہی کریں گے جس پر وکیل صفائی نے جواب دیا کہ ہمیں سوالنامہ دے دیں ہم جواب دے دیتے ہیں۔

پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ کوئی نزدیکی تاریخ دے دیں، تفتیشی افسر بیان ریکارڈ کر لیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

عدالت نے نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 30 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ 

مزیدخبریں