سراج الحق کا مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے غزہ جانے کا اعلان

Nov 20, 2023 | 14:35:PM

(دلاور نیازی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے غزہ جانے کا اعلان کردیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ  امریکہ یہی چاہتا ہے کسی قیمت پر آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کی حکومت نہ بنے۔ 

اسرائیلی دہشت گردی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کا کیمپس پل لاہور پر عظیم الشان غزہ مارچ کیا۔ حماس کے رہنما ڈاکٹر نواف تکروری نے بھی خصوصی شرکت کی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے غزہ مارچ میں پرجوش خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس میں بزدل حکمرانوں نے مردہ قرارداد پیش کرکے صیہونیوں کو مزید دہشت گردی کا لائسنس دیدیا ہے۔ انہوں نے نگران حکومت ، نوازشریف اور زرداری پر بھی خوب تنقید کی، بولے کہ وہ امریکی غلام ہیں وہ کچھ نہیں بولیں گے۔

غزہ مارچ میں جماعت اسلامی کی قیادت جاوید قصوری، فرید احمد پرچہ،احمد سلمان بلوچ، خلیق احمد بٹ، ناظم اعلی جمعیت طلباء اسلام شکیل احمد اور خواتین, بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فلسطینی مسلمانوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ 

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر ملک شاہ محمد خان گرفتار

غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا تھا امریکہ، برطانیہ کے خوف سے تمام مسلم ممالک خاموش ہیں۔

غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے رہنما ڈاکٹر نواف تکروری کا کہنا تھا کہ فلسطین میر جعفر و میر صادق سے نہیں ٹیپو سلطان اور صلاح الدین ایوبی جیسی قیادت سے آزاد ہوگا۔

تقریب کے اختتام  پر امیر جماعت اسلامی نے 23 نومبر کو اسلام آباد میں بچوں کا ملین مارچ نکالنے کا اعلان کیا اور جماعت اسلامی پنجاب کی جانب سے فلسطینیوں کیلئے 21 کروڑ روپے کا چیک بھی دیا۔ 

مزیدخبریں