ایساہی لڑکا چاہیے تھا جس کی آنکھوں میں ماں بہن کی محبت نظر آئے،مدیحہ امام

موجی بسر سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب میں-16 2015 میں بالی وڈ فلم کرنے گئی 

Nov 20, 2024 | 11:38:AM

(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ مدیحہ امام کا کہنا ہے کہ انہیں شادی کے لیے ایسا لڑکا ہی چاہیے تھا جس کی آنکھوں میں ماں اور بہن کی محبت نظر آئے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ مدیحہ امام کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ شوہر موجی بسر کے جذباتی ہونے پر ان کی تعریف کررہی ہیں۔

مدیحہ امام نے بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں شرکت کی جس میں ان کے بیان نے لوگوں کے دلوں کو چھو لیا۔

اداکارہ نے کہامیں یہ سوچتی تھی کہ مجھے کس طرح کے لڑکے سے شادی کرنی ہے اور میں کہتی تھی کہ مجھے ایسا لڑکا چاہیے جو اپنی بہن کے بارے میں جب بات کرے تو اس کی آنکھوں میں نظر آئے کہ وہ کتنی محبت کرتا ہے،وہ کتنی اپنی ماں سے محبت کرتا ہے اور وہ موجی بسر ہی ہیں۔

واضح رہے کہ تقریب میں اداکارہ کے شوہر موجی بسر جذباتی ہوگئے تھے اور ان کی آنکھیں نم ہوگئی تھیں۔

ایک انٹرویو میں مدیحہ امام کا کہنا تھا کہ شوہر موجی بسر سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب میں 2015 یا2016میں بالی ووڈ فلم کرنے گئی تھی،وہاں موجی بسر پروڈکشن ٹیم میں انٹرن تھے۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ مجھے بہت پیارے اور محنتی لگے، اور مجھے وہ لوگ اچھے لگتے ہیں جو سخت محنت کرتے ہیں، میں نے اپنی والدہ کو موجی کے بارے میں بتایا کہ میں اسے بہت پسند کرتی ہوں۔

مدیحہ امام کامزید کہنا تھا کہ جب اگلے دن میں سیٹ پر گئی اور میں نے پوچھا کہ موجی کہاں ہے تو مجھے سیٹ پر موجود لڑکی نے بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ہے، بس پھر میں نے سوچا کہ سب ختم ہوگیا،لیکن ہم پھر بھی اچھے دوست تھے، تقریباً 2 سال کے بعد انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا، انہیں ایک پوڈ کاسٹ میں میری مدد کی ضرورت تھی، تو میں نے بھی ایک مددگار دوست ہونے کے ناطے انہیں تمام تفصیلات بھیجیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ موجی بسر سے وہ چار سال بڑی ہیں، اور 9 ماہ ساتھ رہنے کے بعد ان کے شوہر نے پہلی بار پرپوز کیا، پھر ہمارے والدین نے دبئی میں ملاقات کی اور ہمارے اپنوں کی دستیابی کے مطابق ہم نے اپنی شادی کی تاریخ رکھ لی۔

واضح رہے کہ مدیحہ امام نے سال 2023 میں دبئی میں شادی کرکے سب کو حیران کر دیا تھا، اداکارہ کے شوہر کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ بھی شوبز انڈسٹری کا ہی حصہ ہیں۔

مزیدخبریں