(24نیوز)پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی اداروں سے مذاکرات کا مطالبہ کر رہے ہیں یہ مذاکرات کی نہیں ڈیل کی درخواست ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تو عالمی اخبارات بھی لکھ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اداروں سے ڈیل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پُرامن ہے تو اسلام آباد انتظامیہ سے اجازت کیوں نہیں لی گئی؟انہوں نے کہا کہ الٹا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نمٹنے کی حکمتِ عملی بنائی جا رہی ہے، یہ کسی بھی حوالے سے پُرامن سیاسی احتجاج اور اجتماع کا ارادہ نہیں رکھتے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ کے پی میں تحریکِ انصاف کی حکومت ایک بار پھر اسلام آباد پر یلغار کی تیاری میں مصروف ہے، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال انتہائی تشویش ناک ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے میں امن و ترقی کے بجائے تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت کی کوششیں انتشار پھیلانے پر مبنی ہیں۔