ایپل جلد دنیا کا سب سے پتلا "آئی فون 17 ایئر" لانچ کرنے والی ہے؟

Nov 20, 2024 | 12:45:PM
ایپل جلد دنیا کا سب سے پتلا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے بارے میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ کمپنی جلد ہی دنیا کا سب سے پتلا سمارٹ فون "آئی فون 17 ایئر" لانچ کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔

ایپل کے تجزیہ کار جیف پیو نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 17 کا "سلِم" یا "ایئر" ورژن لانچ ہونے والا ہے۔

اُنہوں نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ہم نے آئی فون 17 کو دنیا کا سب سے پتلا سمارٹ فون بنانے کے لیے اس کی موٹائی صرف 6 ملی میٹر رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اگر آئی فون 17 کے ڈیزائن کے لیے 6 ملی میٹر کی پیمائش کو باقاعدہ منظوری مل جاتی ہے تو یہ رواں سال لانچ ہونے والے آئی فون 16 کے مقابلے میں نمایاں طور پر پتلا ہو گا اور اب تک کے سب سے پتلے آئی فون 6  کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا جس کی موٹائی 6.9 ملی میٹر ہے۔

آئی فون 17 ایئر کے بارے میں ابھی بہت کم تفصیلات سامنے آئی ہیں لیکن اس کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس میں 6.6 انچ کا ڈسپلے ہو گا جو ایلومینیم چیسس کے اندر موجود ہو گا، ممکنہ طور پر ایپل انٹیلی جنس کو سپورٹ کرنے والا A19 ایس او سی ہو گا، 8GB ریم، ایک سنگل 48MP  بیک کیمرہ، فیس آئی ڈی کی سپورٹ کے ساتھ 24MP کا فرنٹ کیمرہ اور ایپل کا ڈیزائن کردہ 5G موڈیم ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں : بچوں کیلئے بنایا گیا پہلا سمارٹ فون متعارف

واضح رہے کہ ایپل دنیا کی واحد کمپنی نہیں ہے جس کے بارے میں یہ خبر سامنے آئی کہ وہ دنیا کا سب سے پتلا سمارٹ فون لانچ کرنے والی ہے۔

اس سے قبل جنوبی کوریا کی مشہور کمپنی سام سنگ کے بارے میں بھی یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ دنیا کا سب سے پتلا سمارٹ فون "گلیکسی S25"  لانچ کرنے والی ہے جس کی موٹائی صرف 5.6 ملی میٹر ہو گی۔