جاوید شیخ، شاہد اور میرے درمیان ایک مقابلہ رہتا تھا،سیدنور
صائمہ سے محبت ہوئی تو شادی کرلی،پھر زندگی میں کوئی دوسری خاتون نہیں آئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)نامورفلم ڈائریکٹراورمصنف سید نور نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں جاوید شیخ، شاہد اور ان کے درمیان لڑکیوں سے دوستی کرنے کا مقابلہ رہتا تھا، جس میں ہمیشہ ان کی جیت ہوتی تھی۔
سید نور نے حال ہی میں سرکاری ٹی وی کے ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی کی فلم انڈسٹری سمیت حالیہ فلموں پر بھی بات کی ۔
پروگرام میں "شومین آف لالی وڈ" نے اداکارہ صائمہ سے محبت ہونے اور شادی کا قصہ بھی سنایا اور یہ انکشاف بھی کیا کہ صائمہ پنجابی نہیں بلکہ پشتون خاندان میں پیدا ہوئیں اور ان کا تعلق سوات سے ہے۔
سید نور نے بتایا کہ انہیں پہلی بار صائمہ سے فلم "گھونگھٹ" کے سیٹ پر محبت ہوئی، اس سے پہلے انہوں نے ان کے ساتھ کام کیا تھالیکن محبت والے جذبات نہیں تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صائمہ نے ہی انہیں شادی کی پیش کش کی، البتہ محبت پہلے انہوں نے شروع کی تھی،فلم کی شوٹنگ کےلیے جاتے ہوئے ایک ہی گاڑی میں سفر کے دوران جب انہوں نے صائمہ کے ہاتھ پر ہاتھ رکھاتو اداکارہ نے انہیں کہا کہ اب یہ ہاتھ کبھی چھوٹنا نہیں چاہیے اور پھر دونوں نے شادی کرلی۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سید نور نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے 1970 میں فلم سازی کا آغاز کیا اور انہوں نے درجنوں نئے اداکاروں کو فلموں میں متعارف کرایا،سید نورنے جاوید شیخ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہیں پیدائشی اداکار قرار دیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ اداکاری میں ڈوبے رہتے ہیں،جاوید شیخ کی پہلی فلم "کبھی الوداع نہ کہنا" تھی جبکہ انہوں نے انہیں دوسری فلم میں کاسٹ کیا اور پھر انہوں نے ہی جاوید شیخ کو مزید فلموں میں بھی کاسٹ کروایا، کیوں کہ وہ بہت اچھے اداکار تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ایساہی لڑکا چاہیے تھا جس کی آنکھوں میں ماں بہن کی محبت نظر آئے،مدیحہ امام
سید نور نے اعتراف کیا کہ تب ان کے، جاوید شیخ اور اداکار شاہد کے درمیان لڑکیوں سے دوستی کرنے کا مقابلہ رہتا تھا اور وہ ہی ہمیشہ جیت جاتے تھے،انہوں نے کبھی کسی لڑکی سے شادی نہیں کی، صرف دوستیاں کیں جبکہ جاوید شیخ اور شاہد لڑکیوں سے شادیاں کر لیتے تھے،مجھے جب صائمہ سے محبت ہوئی تو ان سے شادی کرلی، جس کے بعد ان کی زندگی میں کوئی دوسری خاتون نہیں آئیں۔