پاکستان  اور آسٹریلیا  آمنے سامنے،ورلڈ کپ کا بڑا مقابلہ  آج ہو گا

Oct 20, 2023 | 10:23:AM

(24نیوز)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں آج پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے 18 ویں میچ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے بھارت کے شہر بنگلور میں ایم چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ سے قبل قومی ٹیم نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بھرپور پریکٹس کی۔

پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں کامیاب ہو چکی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، آسٹریلیا بھی ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر ایک میں کامیاب جبکہ دو میں شکست کھا چکی ہے۔

ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دی تھی، راجیو گاندھی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 351 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 337 رنز بنا سکی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ون ڈے میچز میں 107 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے کینگروز نے 69 اور پاکستان نے 34 میچز اپنے نام کیے، تین میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا جبکہ ورلڈ کپ میچز میں دونوں ٹیمیں 10 بار ٹکرائیں، 6 بار جیت کینگروز کے نام رہی جبکہ صرف چار میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

مزیدخبریں