(ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں امریکی شہریوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا۔ یہ اقدام اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں بڑھتی کشیدگی پر اُٹھایا گیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کے مطابق امریکی شہریوں اور مفادات کے خلاف دہشت گردانہ حملوں، مظاہروں یا پرتشدد کارروائیوں کے امکانات ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ مصر اور اسرائیل کو کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی ترسیل کے دوران حملے نہ ہوں۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام ریاستوں پر زور دیتے ہیں کہ پناہ گزینوں، ان کے ساتھ روا سلوک پر اپنی ذمہ داریاں برقرار رکھیں۔
دوسری جانب غزہ میں امداد کے 20 ٹرکوں کو داخل کرنے کے لیے رفح کراسنگ کھولی جائے گی اور امدادی سامان کے قافلے آج غزہ میں داخل ہوں گے ۔ عالمی ادارہ صحت نے 20 امدادی ٹرک کے غزہ میں داخلے کو سمندر میں ایک قطرے کی مانند قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں کو جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں: تیز رفتار ٹرک اور کار میں تصادم، 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی
اس حوالے سے صدر بائیڈن کی اسرائیل کو ’جنگی قوانین‘ کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اسرائیل کی مصر کے راستے غزہ میں امداد کی آمد میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی کروائی گئی ۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 3785 ہو گئی جبکہ 13 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں ۔