"جفا" کا کون سا سین کرتے وقت سب سے زیادہ تکلیف ہوئی؟ماوراحسین نے بتادیا

مذکورہ سین میں اداکارہ والدین سے معافی مانگتی دکھائی دیتی ہیں،والدین بھی روتے نظر آتے ہیں

Oct 20, 2024 | 13:57:PM
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اداکارہ ماورا حسین نے  اپنے ڈرامے "جفا" کا ایک منظر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایاہے کہ انہیں مذکورہ سین  شوٹ کرواتے وقت سب سے زیادہ تکلیف ہوئی تھی۔

ماورا حسین نے ڈرامہ سیریل "جفا" کے ایک سین کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انہیں شوہر (محب مرزا) کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد ہسپتال کے بستر پر انتہائی تکلیف میں والدین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سین میں ماورا حسین  زخمی حالت میں ہسپتال کے بستر پر ہوتی ہیں جہاں وہ والدین سے جذباتی انداز میں بات کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ انہوں نے والدین کی بات نہ مانی اور تشدد کرنے والے شوہر کے پاس گئیں جس کی وجہ سے ان کی ایسی حالت ہوئی ہے۔

مذکورہ سین میں ماورا حسین اپنے والدین سے معافی بھی مانگتی دکھائی دیتی ہیں جبکہ منظر میں اداکارہ سمیت ان کے والدین بھی روتے نظر آتے ہیں،اس سین کو شیئر کرتے ہوئے ماورا حسین نے بتایا کہ اسی منظر کو شوٹ کرواتے وقت انہیں سب سے زیادہ تکلیف ہوئی تھی۔

معروف اداکارہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان سے بار بار پوچھا جا رہا ہے کہ انہیں ڈرامہ سیریل "جفا" میں کون سا منظر شوٹ کرواتے وقت سب سے زیادہ تکلیف ہوئی تھی توانہیں اس سین کو شوٹ کرواتے وقت سب سے زیادہ تکلیف ہوئی تھی۔

اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دعا کی کہ کوئی خاتون تشدد کا نشانہ نہ بنے اور کسی والدین کو اپنی بیٹی کی تکلیف کو نہ دیکھنا پڑے۔

ماورا حسین نے "جفا" کے مذکورہ سین سمیت پورے ڈرامے میں بہتراداکاری پرڈرامہ کی ٹیم اور ساتھی اداکاروں کی بھی تعریف کی ہے،انہوں نے خصوصی طور پر ڈرامہ سیریل"جفا" کے ہدایت کار دانش نواز کی بھی تعریف کی جنہوں ںے انہیں اپنی مرضی سے سین شوٹ کروانے کی اجازت  دی تھی۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل"جفا" میں ماورا حسین کے شوہر کا کردار محب مرزا نے ادا کیاہے جو نفسیاتی مسائل سے دوچار ایک شخص ہوتے ہیں اور اپنی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے نشرہونے والی اس ڈرامہ سیریل کی کہانی ایک ذہین گائناکالوجسٹ زارا(ماوراحسین) کے گرد گھومتی ہے، جس کی شادی پوسٹ ٹرومیٹک اسٹریس ڈس آرڈر میں مبتلا حسن نامی شخص(محب مرزا) سے ہوجاتی ہے، دوسری طرف کہانی میں سحر خان، عثمان مختار اور زرار خان کے درمیان محبت کی مثلث بھی دکھائی گئی تھی۔