مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، بلاول کی سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کی پیشگی مبارکباد

ہم آپ کے ساتھ چلیں گے اور آپ کے  ساتھ کئے گئے فیصلوں کی پاسداری کریں گے:مولانا فضل الرحمان

Oct 20, 2024 | 15:47:PM
مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، بلاول کی سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کی پیشگی مبارکباد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری سے قبل ہی سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کی مبارکباد پیش کر دی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آج تاریخی دن ہے، آپ سب کو 26 ویں آئینی ترمیم مبارک ہو,ان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، مولانا صاحب کا شکر گزار ہوں، جے یو آئی نے آئینی ترامیم کے مسودے پر بہت محنت کی ہے, مولانا فضل الرحمان نے پارٹی سینیٹرز کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی ہے، جے یو آئی کے سینیٹرز پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے ہر فورم کو استعمال کیا لیکن ترمیم پر ایک لفظ نہیں دیا، پھر بھی درخواست کرتا ہوں پی ٹی آئی قومی مفاد میں اس ترمیم کا ساتھ دے، پی ٹی آئی ارکان نے کمیٹی میں اور ملاقاتوں میں اتفاق رائے کیا تھا، میری اور مولانا کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی ردعمل بہت افسوسناک ہے,انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کوئی متنازع پوائنٹ نہیں بچا، مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں وہ ناکافی ہے، مولانا کا کردار تاریخ یاد رکھے گی، ان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنے سینیٹرز کو پہنچنےکی ہدایات دی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا جسٹس منصور علی شاہ نے خود سنیارٹی کے ساتھ میرٹ کی بات کی، ایک جج نے مجھے اور آصفہ بی بی کو وہ انصاف دیا جو کوئی کبھی نہیں دے سکا، اس جج نے مشرف کو سزا دی، فیض آباد دھرنے کا فیصلہ دیا، پی ٹی آئی ساتھ ہو یا نہیں، ہماری کوشش ہو گی آج ہر حال میں یہ کام پورا ہو۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے رابطہ کیا ، مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ہم آپ کے ساتھ چلیں گے اور آپ کے  ساتھ کئے گئے فیصلوں کی پاسداری کریں گے،سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ہمارے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی  ابھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ رہے ہیں۔

دوسری طرف جمعیت علماء اسلام کے 5 سینیٹرز کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران سربراہ جے یو آئی نے انہیں پارلیمنٹ پہنچنے کی ہدایت کی۔

مولانا فضل الرحمان کی ہدایت کے بعد کامران مرتضیٰ،عطاء الرحمان ، احمد خان اور عبدالواسع پارلیمنٹ ہاوس کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جبکہ مولانا عبدالشکور براہ راست پارلیمنٹ ہاؤس عطاالرحمان کے چیمبر میں پہنچیں گے۔

جمعیت علماء اسلام کے تمام سینیٹرز مولانا عطالرحمان کے چیمبر میں بیٹھیں گے۔