(ویب ڈیسک)بھارتی اداکار سونو سود نے خود پر لگے ٹیکس چوری کے الزام کے بارے میں بیان دیتے ہوئے ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کی جس کے مطابق انہوں نے اپنا معاملہ فی الحال وقت کے سپرد کردیا ہے۔
سونو سود نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آپ کو ہمیشہ اپنی طرف کی کہانی بتانے کی ضرورت نہیں ہوتی، وقت خود سب بیان کردیتا ہے۔ میں نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ میں ہندوستان کے لوگوں کی دِل سے خدمات کروں گا اور اس بات پر میں قائم ہوں۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اداکار نے لکھا کہ میرے فاؤنڈیشن میں موجود ہر ایک روپیہ کسی کی جان بچانے یا ضرورت مند تک پہنچنے کے انتظار میں ہے۔ بہت سے موقعوں پر میں نے مختلف برانڈز کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ میری جانب سے ان کی مصنوعات کی تشہیر کا معاوضہ بھی انسانی ہمدردی کے کاموں پر خرچ کریں،کیونکہ لوگوں کی خدمت کرنے سے سکون ملتا ہے۔
انہوں نے صارفین کیلئے کہا کہ میں گزشتہ چار روز سے مہمانوں میں مصروف تھا اس لیے آپ میری خدمات سے محروم رہے، اب میں واپس آچکا ہوں، میرا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا،لوگوں کی خدمت کرنا میرامشن ہے۔
خیال رہے کہ کووڈ کے دوران لوگوں کی کھل کر مدد کرنے والے سونو سود کے گھر اور دفاتر پر بھارت کے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے چھاپے مارے تھے، چھاپے ممبئی، لکھنؤ، کان پور سمیت 28 مقامات پر مارے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈانسر گرل نورا فتیحی کس سے شادی کریں گی۔۔؟ انہونی خواہش کا اظہار کردیا