(مانیٹرنگ ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی کا اپنے ایک ٹو یٹ میں کہنا ہے کہ بھیڑوں کے لباس میں بھیڑیوں سے آگاہ رہیں۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں بھی حملے ہوتے ہیں مگر لوگ اسے بھول جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا واپس جانا بہت مایوس کن ہے، میں نہیں سوچ سکتا کہ ایسا کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جتنی پی سی بی، حکومت اور سکیورٹی فورسز نے کرکٹ کی بحالی کے لیے کوششیں کی ہیں اس کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کا واپس جانا بہت زیادہ مایوس کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 سال سے پاکستان آرہا ہوں، پی ایس ایل کا پہلا فائنل جب لاہور میں کھیلا جارہا تھا تو ہمارے ذہن میں سیکیورٹی کی کوئی فکر نہیں تھی۔ پہلے لوگ پوچھتے تھے کیا پاکستان جانا محفوظ ہے مگر اب جب کرکٹرز پاکستان جانے کے بارے میں پوچھتے ہیں تو سکیورٹی نہیں کھانے پینے کی جگہوں کے بارے میں سوالات کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی کرکٹ کو ایک اور دھچکا۔۔نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ نے بھی دورہ منسوخ کردیا