پنجاب میں سستا آٹا سکیم ختم،سپلائی بھی بند ہو گئی

Sep 20, 2022 | 18:52:PM
،پنجاب , سستا آٹا ,سکیم ,سپلائی,نانبائی ایسوسی ایشن, راولپنڈی
کیپشن: سستا آٹا سکیم بند(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)مہنگائی سے پریشان عوام کےلئے بری خبر،پنجاب میں صوبائی حکومت نے سستا آٹا اسکیم ختم کردی، اسکیم بند ہونے سے 980 روپے والا 20 کلو آٹے کا تھیلا 1310 روپے کا کردیا گیا۔

پنجاب میں موجود صوبائی حکومت نے عوام کیلئے سستا آٹا اسکیم  کوختم  کر دیا، یہ اسکیم ن لیگ حکومت نے 4 ماہ پہلےشروع کی تھی جو کہ موجودہ صوبائی حکومت صرف ایک ماہ ہی چلا سکی،پنجاب کے شہروں میں  سستے آٹے کی سپلائی بند ہوگئی ہے،آٹا مہنگا ہونے پر نانبائی ایسوسی ایشن نے بھی روٹی 20 روپے اور نان 30 روپے کرنے کا عندیہ دیدیا ۔

اس کے علاوہ گندم کی امدادی قیمت 2200 روپے سے بڑھا کر 2300 روپے کردی گئی ہے جس کے بعد 10 کلو آٹے کا تھیلا 490 روپے سے بڑھا کر 655 روپے کا کر دیا گیا ہے جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 980 روپے سے بڑھا کر 1310 روپے کردی گئی ہے،کھلا ہوا آٹا 105 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب  پشاور میں آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا جس کے بعد  فی کلو آٹا 120 روپے ہو گیا جبکہ چکی کا آٹا 100روپے فی کلو سے 110روپے ہو گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ 80 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار 8 سو روپے سے بڑھ کر 9 ہزار روپے ہو گئی جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پنجاب سے ترسیل شروع نہ ہوئی تو بحران کی کیفیت پیدا ہو جائے گی۔ صوبائی حکومت سے پنجاب سے ترسیل بحال کرانے کے لیے مدد کی اپیل کرتے ہیں ۔

 دوسری جانب راولپنڈی میں بھی گندم اور آٹے کی قیمتیں بے قابو ہو چکی ہیں جہاں گندم کا سرکاری نرخ 3000 روپے من جبکہ عام مارکیٹ میں 3550 سے 3800 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ فلور ملز نے آٹے کے اپنے اپنے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 20 کلو تھیلا 1620 سے 1670 تک پہنچ گیا ہے۔ آٹا چکی مالکان نے ایک ہی دن میں فی کلو آٹا میں 25 روپے اضافہ کردیا ہے جب کہ چکی آٹے کی نئی قیمت 125 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ کریانہ اور ہول سیلرز نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو تشویشناک قرار دے دیا۔