(24نیوز)مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ن لیگ نے دباؤ ڈال کر عدالت سے غیر آئینی فیصلہ حاصل کیا اور حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان ڈنکے کی چوٹ پر بات کرتے ہیں وہ اندھیرے میں جدہ یا لندن نہیں بھاگتے۔ان کا کہنا تھا کہہ پی ڈی ایم قائدین کی گفتگو سے عمران خان نکال دیں تو صرف ان کے مایوس چہرے رہ جاتے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ میموگیٹ، ڈان لیکس اور سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے آج اسلام آباد میں چھپے بیٹھے ہیں۔یہ پہلے گمنام نمبروں سے کالز کرتے اور پھر خود اداروں پر حملے کا شور مچاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا بیان ایسے ہی گمنام سازشی کرداروں سے متعلق تھا جو چھپ کر وار کرتے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ایک غیر آئینی عدالتی فیصلے کے ذریعے حمزہ کے حلف کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو استعمال کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے سے پنجاب میں ایک غیر آئینی حکومت کا اختتام ہوا۔