مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلئے ترکیہ اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے،طیب اردوان 

Sep 20, 2023 | 09:01:AM

(ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلئے ترکیہ اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، مسئلہ کشمیرحل کیلئے پاکستان اوربھارت کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں۔

ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے78ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے تنازع کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کیلئے نئی حکمت عملی اور ایجنڈے کی ضرورت ہے۔

ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے، مسئلہ کشمیرحل کیلئے پاکستان اوربھارت کے درمیان مذاکرات کے حامی ہیں،مسئلہ کشمیر پرمذاکرات کیلئے ترکیہ اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ 

طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، اقوام متحدہ کو اپنے قیام کے مقاصد کی عکاسی بہترانداز میں کرنی چاہیے، شام کی صورتحال کی وجہ سے ترکیہ پر پناہ گزینوں کا بوجھ ہے۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ لائیو اسٹریمنگ معاملہ، چیف جسٹس نے دو رکنی ججز کمیٹی تشکیل دے دی

افغانستان کے حوالے سے اُن کا مزید کہنا تھا کہ افغانی عوام جو نصف صدی سے مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، انہیں سیاسی مقاصد سے قطع نظر انسانی امداد اور مدد کی اشد ضرورت ہے۔  افغان عبوری حکومت کی ایک جامع انتظامیہ میں تبدیلی ہو، جس میں معاشرے کے تمام طبقات کو منصفانہ نمائندگی حاصل ہو، بین الاقوامی میدان میں افغانستان کے مثبت استقبال کی راہ ہموار کرے گی۔

 واضح رہے کہ یہ جنرل ڈیبیٹ اقوام متحدہ کی سالانہ تقریبات میں سے ایک ہے اور عالمی رہنماؤں 15 منٹ کی تقریروں کے ذریعے بین الاقوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پیش کرتی ہے۔

مزیدخبریں