(ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ورلڈکپ میچز کیلئے گراؤنڈز سے متعلق ہدایات جاری کردیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2023 کا آغاز اگلے ماہ کی 5 تاریخ سے بھارت میں ہوگا جس کےلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیوریٹرز کو کچھ نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں جس میں کہاگیاہے کہ فاسٹ بالرز کی مدد کے لیے پچز پر زیادہ گھاس چھوڑ دیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارت میں اوس پڑنے کے امکانات ہیں، اس لیے آئی سی سی نے تمام اسٹیڈیمز کے کیوریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیمرز کی مدد کے لیے پچز پر زیادہ گھاس چھوڑ دیں۔
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کل ہو گا؟ سکواڈ میں کتنی تبدیلیوں کا امکان؟ کرکٹ شائقین کیلئے اہم خبر آ گئی
یاد رہے کہ اس سے قبل 2021 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی اوس پڑی تھی جس کی وجہ سے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوا تھا۔ بھارتی پچز عموماََ سپینرز کے لیے زیادہ سازگار ہوتی ہیں مگر آئی سی سی نے کیوریٹرز کو پچز پر زیادہ سے زیادہ گھاس چھوڑنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ فاسٹ بولرز کو بھی کھیل میں رہنے کا موقع ملے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بیٹنگ اور بالنگ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ تجویز دی ہے کہ سٹیڈیم میں باؤنڈری کا سائز بڑا ہونا چاہیے، اس لیے ورلڈ کپ میچز کے لیے سٹیڈیمز کی باؤنڈری کا سائز تقریباً 70 میٹر رکھنے کےلئے کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل میچز میں باؤنڈری سائز کم سے کم 65 میٹرز جبکہ زیادہ سے زیادہ 85 میٹرز ہوتا ہے۔