بھارتی سپریم کورٹ کا یوٹیوب چینل ہیک، کرپٹو کرنسی کی ویڈیوز جاری کردیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ آف انڈیا کا یوٹیوب چینل جمعہ (20 ستمبر) کو ہیک کر لیا گیا جس کے بعد یوٹیوب چینل پر عدالتی کارروائی کے بجائے کرپٹو کرنسی کی ویڈیوز دکھائی جانے لگیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ آف انڈیا کا سرکاری یوٹیوب چینل ہیک ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں چینل پر کرپٹوکرنسی ’ایکس آر پی‘ کے ایڈ کی ویڈیو نظر آنے لگی۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل کا استعمال قانونی مقدمات کی سماعت کے لیے کیا جاتا ہے، جس میں مختلف اہم اور عوامی دلچسپی کے معاملات شامل ہوتے ہیں۔
معاملہ اس وقت نوٹس میں آیا جب "Brad Garlinghouse: Ripple Responds To The SEC's $2 Billion Fine! XRP PRICE PREDICTION" عنوان کے ساتھ ایک خالی ویڈیو ہیک کیے گئے چینل پر لائیو دکھنے لگی۔
بریڈ گارلنگ ہاؤس ریپل لیبز نامی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر ہیں جس کا امریکی سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے ساتھ قانونی تنازع چل رہا ہے، ہیکرز نے سپریم کورٹ آف انڈیا کا چینل ہیک کرنے کے بعد اس پر پہلے سے موجود ویڈیوز کو پرائیویٹ کردیا۔
ذرائع نے بار اور بنچ کو بتایا کہ سپریم کورٹ انتظامیہ نے چینل کی ہیکنگ کی انکوائری شروع کر دی ہے اور سپریم کورٹ رجسٹری نے چینل کا لنک غیر فعال کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت عظمیٰ آئینی بنچوں کے سامنے مقررہ اور ایسے مقدمات کی براہِ راست سماعت کے لیے یوٹیوب چینل کا استعمال کررہی تھی جس سے وسیع پیمانے پر عوامی مفاد وابستہ ہو۔
حال ہی میں کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل ہسپتال اینڈ کالج میں زیر تربیت ڈاکٹر کی عصمت دری کے بعد قتل کی کیس کی سماعت بھی یوٹیوب چینل کے ذریعے نشر کی جارہی تھی۔
خیال رہے کہ 2018 میں ایک تاریخی فیصلے کے بعد بھارت کے سابق چیف جسٹس یو یو للت کی سربراہی میں فل کورٹ میٹنگ کے دوران اتفاق رائے سے تمام آئینی بنچز کی سماعتوں کو لائیو اسٹریم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جب سے سپریم کورٹ نے 2018 میں تمام آئینی بنچ کی سماعتوں کی کارروائی کو لائیو اسٹریم کرنے کا فیصلہ کیا یہ پہلا موقع ہے جب اس کے یوٹیوب چینل کو ہیک کیا گیا ہے۔