(24نیوز) تھائی لینڈ کی ایک 64 سالہ خاتون کو اپنے کچن میں ایک بڑے اژدہے نے بُری طرح جکڑ لیا، یہ واقعہ دو گھنٹے تک جاری رہا، جس دوران خاتون زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہیں بالآخر ریسکیو ٹیم نے جان بچا لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیم کو جب اس واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے فوری کارروائی کی۔ 13 فٹ لمبا اژدہا انتہائی طاقتور تھا اور خاتون کو نگلنا چاہتا تھا،خاتون نے کسی نہ کسی طرح بھرپور مزاحمت جاری رکھی، لیکن اس دوران انہیں سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اژدہا خاتون کے نچلے دھڑ سے لپٹ گیا اور اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے انہیں گرا دیا۔ خاتون مدد کے لیےچیخیں مارتی رہیں، لیکن پڑوس میں کوئی موجود نہیں تھا۔
آخرکار، ایک شخص نے جب مکان کے سامنے سے گزرتے ہوئے ان کی چیخیں سُنیں، تو انہوں نے فوری طور پر ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی۔ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر خاتون کی جان بچائی اور انہیں اژدہے کے قید سے آزاد کر دیا۔