وائس چانسلرز کی تعیناتی، پنجاب حکومت گورنر پنجاب کے خلاف میدان میں آگئی

Sep 20, 2024 | 19:38:PM

(24 نیوز )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم  نواز  کی جانب سے بھیجی گئی وائس چانسلرز  کے ناموں کی سمری مسترد  ہونے پر  پنجاب حکومت  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کیخلاف میدان میں آگئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گورنر پنجاب  سردار سلیم حیدر نے جامعات  میں وائس چانسلرز کی سمری مسترد کر دی تھی اور کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے واضح طور پر کوئی نام تجویز نہیں کیا جاسکتا،3 نام حروف تہجی کے اعتبار  سے بھیجے جاتے ہیں، وزیراعلیٰ کا خیال ہے ان کے بھیجے گئے نمبر ایک والے ناموں کی منظوری دی جائے، وائس چانسلرز کی سلیکشن پر اطمینان نہیں ہے، جس پر اب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر جامعات میں وائس چانسلرز کی سمری مسترد نہیں کرسکتے ، ان کے پاس سمری مسترد کرنے کا اختیار نہیں۔

معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندرحیات نے کہا ہے کہ اگر گورنر پنجاب کوئی من پسند امیدوار کو وی سی لگانا چاہتے ہیں تو یہ نہیں ہوگا، وہ وائس چانسلرز کی سمری مسترد نہیں کرسکتے ، ان کے پاس سمری مسترد کرنے کا اختیار نہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ایک نام گورنر کو بھیجنے کا اختیار ہے اور گورنر پنجاب پر لازم ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے طے شدہ نام منظور کریں، اگر گورنر کو کوئی امیدوار پسند نہیں تو ہم کچھ نہیں کرسکتے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سردار سلیم حیدر کسی ایسی بات پر مجبور نہ کریں جس سے دل آزاری ہو اور وہ تعلیم میں سیاست نہ کریں،ان کا کہنا تھا کہ اگر گورنر پنجاب تعلیم میں تنازعہ کھڑا کریں گے تو قانون راستہ لے گا، جن امیدواروں کو مسترد کیا انہوں نے گورنر پنجاب سے رابطے کیے، مسترد امیدواروں کی جان نکلی ہوئی ہے، طاقت،دھونس، سفارش والے افراد کو وی سی نہیں لگائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب جامعات کے چانسلر ہیں، تعلیم کی بہتری کے لیے کوئی کام کرتے لیکن انہوں نے جامعات کی بہتری کے لیے تو کبھی حکومت سے رابطہ نہیں کیا، جو تعلیم کے راستے میں دیوار بنے گا، وہ دیوار گرادیں گے۔

مزیدخبریں