(ویب ڈیسک) بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سینیئر اور تجربہ کار بلے باز شکیب الحسن کو باؤلر کا سامنا کرتے ہوئے اپنے ہیلمٹ کا پٹا منہ میں دبائے رکھے دیکھا گیا جس کی وجہ سامنے آگئی۔
بنگلادیشی بلے باز شکیب الحسن نے اس ٹیسٹ میچ میں 32 رنز بنائے لیکن ان کی اس پرفارمنس سے زیادہ چرچے ان کے ہیلمٹ کا پٹا منہ میں دبائے رکھنے کے ہیں، بیٹنگ کے وقت اس غیر معمولی حرکت کی وجہ پر کمنٹیٹرز بھی مختلف رائے دیتے رہے جب کہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔
کسی نے جملہ کسا کہ شاید انھیں بھوک لگی ہے تو کسی نے کہا شاید شکیب کو اس کا ذائقہ پسند ہوگا، فلیور کون سا ہے بتانا پسند کریں گے، ایک صارف نے کہا کہ وہ باؤلر کو کچا چباجانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔
تاہم اصل وجہ ان کے ساتھی اور سابق کرکٹر تمیم اقبال نے بتادی، بنگلادیش کے سابق کرکٹر تمیم اقبال نے بتایا کہ شکیب الحسن ایسا اس لیے کرتے ہیں تاکہ ان کا سر بائیں جانب نہ جھکے اور گیند کا سامنا کرنے کے وقت اپنا سر سیدھا رکھنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ یہ ایک دلچسپ طریقہ ہے جسے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی اپنی تکنیک کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، زیادہ عرصہ نہیں گزرا شکیب الحسن کو گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے دانتوں سے جرسی کاٹتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
بعض سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ دانتوں سے ناخن، جرسی یا ہیلمٹ کے پٹے کو کاٹنا ایک نفسیاتی حربہ ہوتا ہے جس سے بلے باز اپنے دباؤ کو کم اور اعصاب کو قابو میں رکھ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اورانگلینڈ ٹیسٹ سیریز کےنئےشیڈول کااعلان
خیال رہے کہ شکیب الحسن کو حالیہ دنوں میں بینائی کے مسائل کا سامنا بھی تھا اور رواں برس لندن میں ایک ماہر امراض چشم سے مشورہ بھی کیا تھا۔