(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شوگر مافیا بھی قانون کے تابع نہیں آنا چاہتا، شوگر مافیا کو بھی کچھ کہیں تو سمجھتے ہیں ہم کوئی خاص لوگ ہیں، وہ پی ڈی ایم جیسے الائنسز کرتا ہے، یہ اتحاد بنا کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا مقصد صرف ایک ہے کہ ہمیں قانون کے نیچے نہ رکھیں۔
وزیراعظم عمران خان نے نوشہرہ جلوزئی میں نیا پاکستان فلیٹس کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور پودا بھی لگایا۔ تقریب میں گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی شریک ہوئے۔جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون کی بالادستی کا مطلب ہے طاقتور کو قانون کے نیچے لانا۔طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، شوگر مافیا مہنگی چینی بیچتا ہے، ٹیکس بھی ادا نہیں کرتا، شوگر مافیا بھی قانون کے تابع نہیں آنا چاہتا، کمزور اور طاقت ور کیلئے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ منصوبے سے کم آمدنی والے افراد کو اپنا گھر میسر آئے گا، جو معاشرہ غریب طبقے کا خیال نہیں رکھتا وہ ترقی نہیں کرتا، کسی بھی معاشرے کی پہچان امیر لوگوں کے رہن سہن سے نہیں ہوتی، کمزور طبقے کی ضروریات پوری کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، پورےملک میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا، ہم نے پوری کوشش کی سرکاری زمین پر سستے گھر بنیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر گھر پر حکومت نے 3 لاکھ روپے سبسڈی دی، بینکوں سے معاہدہ کیا ہے کہ شرح منافع 3 فیصد ہو، جو معاشرہ غریب طبقے کا خیال نہیں رکھتا وہ ترقی نہیں کرتا، معاشرے کی پہچان امیر لوگوں سے نہیں ہوتی، معاشرے کی پہچان کمزور طبقے کی زندگی سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہیلتھ سیکٹر میں انقلاب لے آئی، امیر ترین ملک بھی سارے شہریوں کو ہیلتھ کوریج نہیں دے سکتے۔