فٹبال میں بغاوت. بڑے کلبز کی یورپیئن سپر لیگ کا منصوبہ بے نقاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) عالمی فٹبال میں بڑے بڑے انٹرنیشنل کلبز نے فیفا اور فٹبال کی یورپییئن تنظیموں اور فیڈریشنز سے بغاوت کرتے ہوئے یوئیفا چیمپیئنز لیگ کی ٹکر پر یورپیئن سپر لیگ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس سے عالمی فٹبال میں نیا بحران پیدا ہو گیا ۔
یورپ کے 12 بڑے فٹبال کلبز نے یورپیئن سپر لیگ کی بنیاد رکھی ہے جس کا انکشاف ہوا ہے اور ان میں سے کسی بھی کلب کی تنزلی نہیں ہو گی۔اس لیگ میں ان 12 ٹیموں سمیت مجموعی طور پر 20 ٹیمیں ہوں گی اور بقیہ 8 میں سے پانچ ٹیمیں مقابلے میں کوالیفائی کریں گی۔ان 12 میں سے چھ کلب انگلینڈ کے ہیں جن میں مانچسٹر یونائیٹڈ، لیورپول، چیلسی، مانچسٹر سٹی، آرسینل اور ٹوٹنہم شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسپین کے ریال میڈرڈ، بارسلونا اور ایٹلیٹکو میڈرڈ بھی شامل ہیں جبکہ اٹلی کے اے سی میلان، یوونٹس اور انٹرمیلان بھی منصوبے میں شامل ہیں۔توقع کی جا رہی ہے کہ جلد جرمنی کے مشہور کلب بھی اس کا حصہ بن جائیں گے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔اس لیگ کے تمام میچز ویک اینڈ کے بجائے درمیانی دنوں میں کھیلے جائیں گے جس سے اس کا براہ راست تصادم چیمپیئنز لیگ سے ہو گا اور اس منصوبے کا مقصد اعلیٰ مسابقت کے حامل بڑے کلبز کو زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔