(24نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رمضان میں ہوشربا مہنگائی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، رمضان میں کھانے پینے کی اشیا کی ریکارڈ قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
بلاول نے ہوشربا مہنگائی پر بیان دیتے ہوئے وزیر اعظم سے کہا کہ یہ ملک اور اس کے مسائل کا حل آپ کے بس کی بات نہیں ،آپ عوام پر رحم کھا ئیں، اپنی ضد چھوڑیں اور استعفا دے کر گھر جائیں۔
انہوں نے کہا رمضان کے آغاز میں گھی، آٹا، دالوں اور گوشت سمیت 16 ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی ہے، عمران خان ملک میں مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرکے عوام سے دشمنی کررہے ہیں ، عمران خان کے رمضان میں ہر چیز کی نگرانی کے اعلان کے بعد مہنگائی میں خوف ناک اضافہ تشویش ناک ہے، جس رمضان پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا، وہ کہیں نظر نہیں آرہا، رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو سبسڈی دینے سے حکومت کی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔ اوپن مارکیٹ میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے،چیئر مین پی پی نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے بیشتر بچت بازاروں میں اوپن مارکیٹ سے زیادہ مہنگی اشیا فروخت ہورہی ہیں، آج رمضان میں عام آدمی کا اتنا بجٹ بھی نہیں کہ وہ اپنے اہل خانہ کے لئے یومیہ سبزیاں اور پھل خرید سکے۔
انہوں نے کہارمضان میں مہنگائی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ عمران خان نے ملک کو قرضوں میں جھونک کر مافیاز کے حوالے کردیا، وزرائے خزانہ کی تبدیلی سے عوام کی تکلیفوں میں کوئی کمی نہیں آسکتی،عوام کو اصل ریلیف اس وقت ملے گا جب ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار نااہل حکمران گھر جائیں گے، بلاول نے کہانااہل وزیراعظم دنیا کی مثالیں دینے کے بجائے یہ بتائیں کہ ان کی حکومت نے عوام کیلئے اب تک کیا کیا ؟ ہر مہینے مہنگائی میں اضافے کی شرح خود اپنا ریکارڈ توڑ رہی ہے، مہنگائی کے حوالے سے حکومت کے اپنے ہی اعداد و شمار اس کے کارناموں کی قلعی کھول رہے ہیں ۔ حالیہ تھنک ٹینکس کی رپورٹ بتاتی ہے معیشت سخت سست روی کا شکار ہے، دنیا کے آگے کشکول لے کر گھومنے والے وزیراعظم نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں بلکہ صرف رسوائی دی۔
یہ بھی پڑھیں۔شاہد خاقان 7 دن میں معذرت کریں. سپیکر قومی اسمبلی کا نوٹس