نیا پاکستان، نیا نظام، آبیانہ کا سو سالہ پرانا نظام ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کاشتکاروں کو سہولت دینے کیلئے جدید ای آبیانہ نظام متعارف کروا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہ قائداعظم پر ای آبیانہ بلنگ سسٹم کی افتتاحی ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاشتکاروں سے آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم کا افتتاح کر دیا ۔آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم رائج ہونے سے آبیانہ کے ایک صدی پرانے نظام کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
وزیراعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 4 پائلٹ کینال ڈویڑنز خانواہ، لیہ، قصور اور شیخوپورہ میں ای آبیانہ نظام کا اجرا کیا گیا ہے۔ اس نظام کو بتدریج پورے صوبے میں متعارف کرایا جائے گا۔ 100 سالہ آبیانہ کے پرانے نظام کی جگہ کاشتکاروں کو آبیانہ کے کمپیوٹرائزڈ بل کا اجرا کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کو ای آبیانہ نظام کے تحت بے پناہ سہولت ملے گی۔ نظام کے تحت آبیانہ کی شفاف وصولی کے بعد اسے بروقت سرکاری خزانے میں جمع کرایا جا سکے گا۔ جدید کمپیوٹرائزڈ ڈ یٹا بیس سے کسانوں کو پرانے نظام کی خامیوں سے نجات ملے گی۔ نئے نظام کے تحت کسانو ں کو پرچی پر آبیانہ نہیں دیا جائے گا۔ کاشتکاروں کو مکمل بل دیاجائے گا جس پر کسان اور رقبہ سے متعلق تفصیلات شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آبیانہ کی ادائیگی قریبی بینکوں، ایزی پیسہ، اے ٹی ایم، جاز کیش یا ای پے موبائل ایپ کے ذریعے کی جاسکے گی۔ جدید نظام سے کسانوں کے استحصال کا خاتمہ ہوگا۔ آبیانہ نظام کی بدولت بروقت وصولی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس نظام سے نہری نظام کی دیکھ بھال میں مالی معاونت ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے ای آبیانہ کے بل کاشتکاروں کو دیئے،انہوں نے کہا کہ ای آبیانہ نظام پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے لانچ کیاگیاہے۔ وفاقی وزیرغلام سرور خان، صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری،صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:مہنگائی کے ذمہ دار نااہل حکمران گھر جائیں گے تو عوام کو ریلیف ملے گا۔بلاول بھٹو