شاہ محمو دقریشی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Apr 21, 2021 | 22:19:PM

(24 نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا،دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے حامل علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں کی استواری، سکیورٹی، ثقافتی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی ،ملاقات میں سرحد پرمشترکہ مارکیٹ مقامات کے قیام، نئی سرحدی راہداریاں کھولنے اور عوامی رابطے بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالقومی اداروں میں باہمی اشتراک عمل مضبوط بنانے پر بھی ملاقات میں بات چیت کی گئی ،دونوں جانب سے دوطرفہ، علاقائی امن اور معاشی ثمرات سے متعلق موجودہ مشترکات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
 وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کی کوششوں میں مسلسل سہولت کاری اور مدد کے پاکستانی عزم کو دہرایا، دونوں رہنماﺅں میں پاکستان اور ایران نے افغان فریقین کے اشتراک سے افغانستان سے غیرملکی فوج کے ذمہ دارانہ انخلا کی ضرورت پر اتفاق کیا،دونوں ممالک نے عالمی برادری کے ساتھ مل کر افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے آگاہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے خاص طورپر بعض یورپی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحانات پر تبادلہ خیال کیا،دونوں جانب سے اسلاموفوبیا کے رجحان کے سدباب کیلئے مسلمان ممالک کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ترقی، دوسرے نمبر پر آگئے

مزیدخبریں