عمران خا ن نے جتنا توشہ خانہ سے سے کمایا اتنا پوری زندگی نہیں کمایا ۔مریم اور نگزیب 

3 چیزیں3 کروڑ میں خریدیں، یہ پیسہ کہاں سے آیا؟  عمران خان کو رسیدیں دینا پڑیں گی۔وزیراطلاعات

Apr 21, 2022 | 19:20:PM

 (24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خا ن نے جتنا توشہ خانہ سے سے کمایا اتنا پوری زندگی نہیں کمایا ،وزیر اعظم کی کرسی کو کاروباری کی کرسی بنایا ہوا تھا ،میرا تحفہ میرا مرضی نہیں چلے گی ،عمران خان نے تین چیزیں تین کروڑ میں خریدیں، یہ پیسہ کہاں سے آیا؟، اس کی منی ٹریل دے دیں، عمران خان کو رسیدیں دینا پڑیں گی۔کیونکہ پہلے سال تو ان کی آمدن ہی اتنی نہیں تھی کہ وہ تین کروڑ کی چیزیں خرید سکیں۔
جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان کی معیشت تباہ کرنے والے معاشی دہشت گردوں نے اپنے دور میں اقتصادی اشاریوں پر بھی جھوٹ بولا، یہ جھوٹے ہیں، ان کا مقصد ہی جھوٹ بولنا ہے،یہ ملک میں مہنگائی، قرضوں، بے روزگاری سمیت خراب خارجہ پالیسی کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے 20 فیصد قیمت پر توشہ خانہ سے تحفے خرید کر چار گنا زائد قیمت پر فروخت کئے ، ڈھٹائی کے ساتھ کہا جا رہا ہے کہ میرا تحفہ میری مرضی۔ انہوںنے کہاکہ کف لنک اور انگوٹھی اور گھڑی تین کروڑ میں خریدی، کف لنک اور انگوٹھی 14 کروڑ میں اور گھڑی 18 کروڑ روپے میں فروخت کی، تحفہ آپ کا نہیں، وزیراعظم کے نام تھا جسے بیچا نہیں جا سکتا۔
 مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان کی آمدن میں توشہ خانہ سے جتنا اضافہ ہوا ہے، اتنا انہوں نے پوری زندگی نہیں کمایا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پوری زندگی کاروبار کے ذریعے 141 ملین روپے کی کمائی کی اور وزارت عظمیٰ کے منصب پر آنے کے بعد پہلے دو مہینوں کے دوران انہوں نے توشہ خانہ سے 85 ملین روپے حاصل کئے، عمران خان نے اپنے چار سالوں کے دوران توشہ خانہ سے 58 تحفے اپنے پاس رکھے جن کی مالیت 142 ملین بنتی ہے۔  انہوں نے کہاکہ عمران خان کی اہلیہ کا ایف بی آر میں ٹیکس ریٹرن کا اندراج 2018ءکا ہے، اس میں ان کا نام عمران خان کے نام کے ساتھ نہیں، ایف بی آر ریٹرنز میں ان کا پرانا نام ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف کی فارن فنڈنگ پر اعتراضات اٹھائے تھے، ان سے سوال پوچھیں تو دوسرے کو گالی اور دھمکیاں دیتے ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی کمیٹی میں تحریک انصاف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارٹی فنڈنگ پر نہیں کوئی اعتراض نہیں لگایا، جس کا مطلب ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے جتنے اکاﺅنٹس ڈیکلیئر ہیں وہ ٹھیک ہیں، وہ اس پر کوئی اعتراض نہیں لگا سکے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ اسٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کی ان ڈیکلیئرڈ اکاﺅنٹس کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو دی ہیں،آج تک مسلم لیگ (ن) کی فنڈنگ پر کوئی مراسلہ نہیں بھیجا گیا، مریم اورنگزیب نے کہاکہ پی ٹی آئی نے روبوٹک ٹویٹس اور سافٹ ویئر کے ذریعے قومی اداروں کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، پی ٹی اے کو ان روبوٹک ٹویٹس کے ذریعے قومی اداروں کے خلاف ٹویٹ کرنے پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاک فوج، عدلیہ، ریاست پاکستان کے خلاف مہم کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس پر زیرو ٹالرینس ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان اپنی ناقص کارکردگی، کشمیر فروشی، مہنگائی، فارن پالیسی کو تباہ کرنے، پاکستان کے عوام کو بھوکا کرنے کا جواب دیں۔
 مریم اور نگزیب نے کہاکہ مہنگائی کی شرح 3.9 فیصد سے 12 فیصد تک بڑھی ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور میں دو کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے گئے، 60 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا۔ادویات کو مہنگا کرنے میں جس جس نے کردار ادا کیا ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ 2018 سے 2022تک امپورٹڈ حکومت تھی ،سب بھاگ رہے ہیں جلد شکنجے میں آئیں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اختر جان مینگل جلد وفاقی کابینہ میں آئیں گے ،بلاول بھٹو زرداری واپس آکر حلف اٹھائیں گے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ دوسرے کے مرحوم والدین کا حساب مانگنے والے اپنی زندگی کا حساب دیں ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ طارق فاطمی کو وزیراعظم زیادہ ذمہ داریاں دینے جارہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ سابق خاتون اول اپنے نام کی درستگی کروائیں تو بہتر ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ کچھ فائلیں غائب ہیں ،تحقیقات کروا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چار سال میں ہیلی کاپٹر اٹھانوے کروڑ روپے خرچ ہوا ،وزیراعظم ہاوس سے بنی گالی تک یہ رقم خرچ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار آئینی عدام اعتماد سے چور، نالائق اور جھوٹا وزیراعظم ہٹایا گیا، چینی کے اوپر ناجائز اخراجات کا استعمال کیا گیا جس سے چینی مہنگی ہوئی، آٹے کی سمگلنگ اور قلت ہونے کے بعد آٹا امپورٹ کیاگیا، عمران خان کی ہر سمری کے اوپر عوام کی لوٹ مار لکھی ہے،دوائیوں کو تحریک انصاف کا وزیر لوٹتا رہا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کوٹ لکھپت جیل میں تھے تو ان کو نماز کےلئے کرسی نہیں دی جاتی تھی اور مانیٹرنگ شہزاد اکبر صاحب کرتے تھے، آج کرسی پر وہ شخص ہے جو بڑے دل کا مالک ہے ، عمران خان کو فول پروف سکیورٹی کے لئے شہباز شریف نے احکامات جاری کئے، شہزاد اکبر کے پاس غیرملکی شہریت ہے اور وہ بھاگ گئے ہیں، شہزاد اکبر کو واپس لانےکا طریقہ ہمیں آتا ہے۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ اگر ثبوت نہ ہوتے تو فرح فرار نہ ہوتیں، عمران خان کی مشاورتی چیزوں کے حوالے سے معلوم نہیں، انفارمیشن ملی ہے کہ کچھ فائلیں غائب ہیں ان کی تفصیلات لی جائیں گی، تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کی پریس گیلری میں جیمرز لگائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں۔تحریک انصاف نے جلسہ گاہ میں سلو انٹرنیٹ کا توڑ نکال لیا

مزیدخبریں