(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر کی مساجد میں ( کل)جمعہ کو لاکھوں فرزندان اسلام مساجد میں اعتکاف بیٹھیں گے ، مساجد میں معتکفین کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
یہ عبادت جہاں روح کی پاکیزگی کا باعث ہے وہیں خوش نصیبوں کو لیلتہ القدر بھی مل جاتی ہے،معتکفین ماہ مبارک رمضان کے آخری عشرے کی طاق رات میں خالق کائنات کے حضور اپنی مناجات و حاجات پیش کریں گے۔یہ عبادت فرض کفایہ کا درجہ رکھتی ہے، جو کسی بھی آبادی میں ایک فرد کے کرنے سے پورے محلہ کا فرض ادا ہوجاتا ہے۔اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی خود کو روک لینے یا ٹھہر جانے کے ہیں جبکہ شریعت کی رو سے اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد میں قیام کرنے کو کہا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق اعتکاف کا آغاز (آج )جمعہ کونماز عصر سے شوال کا چاند نظر آنے تک ہوگا،اسلام آباد میں سب سے بڑا شہر اعتکاف جامع مسجد دارالعلوم ذکریا ترنول میں بسے گا جس میں معتکفین کی تعداد تین ہزار ہوگی،دوسرا بڑا شہر اعتکاف آئی ایٹ میں واقع محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مسجد تقوی میں ہو گا جس میں ایک ہزار کے لگ بھگ مردوخواتین اعتکاف کریں گے اور تیسرا بڑا شہر اعتکاف مرکزی جامع مسجد فیصل میں سجے گا جس میں معتکفین کہ تعداد 750 ہے اس کے علاوہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام مرکز الاسلامی جی سکس میں 67 مرد اور 33 خواتین اعتکاف کریں گی،مرکزی جامع مسجد المعروف لال مسجد میں ڈیڑھ سو افراد اعتکاف کریں گے،اس کے علاوہ شہر کی ہر مساجد میں لوگ اعتکاف کرکے اپنے اللہ کے سربسجود ہوں گے،معتکفین کے سحری اور افطاری کا بندوبست مساجد کی انتظامیہ کی طرف سے ہوگا اور جو محکمہ اوقاف کے تحت مساجد ہیں ان میں سحری و افطاری کا بندوبست محکمہ اوقاف کی جانب سے ہوگا، اس کے علاوہ ان دس دنوں میں ان کی اسلامی تربیت پر بھی زور دیا جاتا ہے ایک عالم دین ان پر متعین کیا جاتا ہے جو ترجم القرآن،تفسیر،احادیث اور دیگر مسائل کے حوالے سے معتکفین کو گائیڈ کرتا ہے اس کے علاوہ ائیر کنڈیشنڈ ماحول فراہم کیا جاتا ہے اور ڈسپنسری و کنٹین بھی قائم کی جائیں گی تاکہ معتکفین کو کسی مسئلے میں پریشانی نا ہو۔ کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا ،شہر قائد میں اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاﺅن سمیت دیگر شامل ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہورمیں منہاج القرآن کے شہراعتکاف سمیت کئی اہم مساجد میں اجتماعی اعتکاف کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اجتماعی اعتکاف کے دوران معتکفین کیلئے درس قرآن وحدیث اور شرعی مسائل سے آگاہی کیلئے تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں۔ اسمبلی میں صدر مملکت کے مواخذے کی گونج
مغفرت کا عشرہ شروع۔۔لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھیں گے
Apr 21, 2022 | 21:51:PM