عمران خان، بابر اعظم سمیت اہم شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ’بلیو ٹِک‘ ہٹا دیے گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر سے اہم شخصیات کے اکاؤنٹس سے ’بلیو ٹِک‘ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔
سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ’بلیو ٹِک‘ ہٹادیا گیا ہے۔
اسی طرح بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سمیت کئی شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ’بلیو ٹک‘ نہیں دیکھے گا۔
ٹوئٹر پر کسی بھی شخص یا ادارے کے اکاؤنٹ پر لگے’بلیو ٹِک‘ کے ذریعے لوگوں کو یہ جاننے میں آسانی ہوتی تھی کہ یہ اکاؤنٹ اصلی ہے تاہم اب صارفین کو احتیاط برتنی پڑے گی۔
ٹوئٹر اکاؤنٹس سے ’بلیو ٹک‘ ہٹنے کی وجہ کیا ہے
تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹس سے ’بلیو ٹک‘ ہٹنے کی وجہ ایلون مسک کی ٹوئٹر سبسکرپشن فیس ہے۔
گزشتہ ماہ ٹوئٹر کی جانب سے یکم اپریل سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے ’بلیو ٹک‘ ہٹانے کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
گزشتہ سال کے آخر میں ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعارف کرا دیا گیا تھا جہاں صارفین کو ماہانہ فیس کے عوض ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک برقرار رکھنے اور لینے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔
پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ماہانہ 2250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ملکوں میں یہ 8 سے 11 ڈالرز کے درمیان ہے۔
ٹوئٹر بلیو سروس لینے والے صارفین کو بلیو ٹِک کے ساتھ طویل دورانیے کی ویڈیوز، 4 ہزار حروف کے ٹوئٹس اور انہیں ایڈٹ کرنے سمیت متعدد نئے آپشن فراہم کیے جائیں گے۔