وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کچے کے علاقے کا دورہ، ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کا جائزہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک جاوید) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی آئی جی کے ہمراہ پنجاب پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کچے کے علاقے پہنچ گئے۔ محسن نقوی نے صادق اباد کے کچے کے علاقے میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے پولیس جوانوں کے حوصلے اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کو عید کی مبارکباد اورعیدی دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس کو آپریشن کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، پنجاب پولیس کے بہادر افسروں اور جوانوں پر فخر ہے، کچے کے علاقے میں امن بحال کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجائے گا، ان عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اورانسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس جوانوں کے ساتھ مل کر ”پاکستان زندہ باد اور”پنجاب پولیس زندہ باد“ کے نعرے لگائے۔
واضح رہے صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔