(24نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگوں نے ہمارے نہتے کارکن کو قتل کیا ہے۔
نارووال میں حلقہ پی پی 54 میں 60 سالہ لیگی کارکن کی ہلاکت سے متعلق احسن اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اس غنڈہ گردی کی پرزور مذمت کرتا ہوں جو پی ٹی آئی نے ہمارے برزگ کارکن پر کی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی والے اپنی غنڈہ گردی کی جاگیر کی شکست کو دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، یہ ہمارے سپاہی تھے، ہم نے امن ترقی کی جو تحریک شروع کی ہے یہ اس کے سپاہی تھے۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات: حلقہ پی پی 54 پولنگ سٹیشن پر جھگڑا، لیگی کارکن جاں بحق
احسن اقبال نے بتایا کہ میں ان کو سیاسی شہید کہو گا، یہ اچھے مقصد کے لیے کھڑے تھے اور انہیں اس کی سزا دی گئی، جو قاتل ہیں انشا اللہ قانون سے نہیں بچ سکیں گے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جن کی اشیر باد سے یہ سب کچھ ہو رہا ہے ان کو بھی گرفت میں لے کر آئیں گے، ظفروال سے ہر قسم کے ظلم اور غنڈہ گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔