(ویب ڈیسک) گوگل اور اوپن اے آئی کی جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے شعبے میں بالادستی کے خاتمے کے لیے میٹا نے میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کو بہت زیادہ بہتر بنایا ہے۔
ویسے تو میٹا کی ایپس جیسے فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ میں بھی یہ اے آئی چیٹ بوٹ بتدریج صارفین کو دستیاب ہو رہا ہے۔
مگر ویب ورژن پر گوگل اور اوپن اے آئی سے مقابلے کے لیے بھی میٹا اے آئی کی نئی ویب سائٹ متعارف کرائی گئی ہے،نئے لاما 3 ماڈل پر مبنی یہ اے آئی چیٹ بوٹ اوپن سورس ہے۔
اس نئی ویب سائٹ کا انٹرفیس اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی سے کافی حد تک ملتا جلتا ہے اور اسے مفت یا لاگ ان ہوئے بغیر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مگر فیس بک کے ذریعے بھی آپ لاگ ان ہو سکتے ہیں اور کمپنی کے مطابق اس سے ماڈل کو ٹریننگ دینے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ملکہ غزل اقبال بانو کی15ویں برسی
میٹا اے آئی سائٹ پر تحریری سوالات کے جواب جاننے کے ساتھ ساتھ صارفین تصاویر بھی تیار کروا سکیں گے، مگر تصاویر کی تیاری کے لیے لاگ ان ہونا ضروری ہوگا۔
میٹا کا امیج جنریٹر کافی متاثر کن ہے جو لکھنے کے دوران ہی رئیل ٹائم میں تصاویر کا پریویو دکھاتا ہے،اس کے ساتھ ساتھ امیج جنریٹر سے اینیمیٹ تصاویر بھی تیار کروائی جا سکتی ہیں۔
تمام تصاویر پر میٹا اے آئی کا واٹر مارک بائیں جانب نیچے موجود ہوگا تاکہ ان کا غلط استعمال نہ کیا جاسکے,میٹا کو توقع ہے کہ یہ سائٹ چیٹ جی پی ٹی اور اوپن اے آئی کے امیج جنریٹر ڈیل ای کا اچھا متبادل ثابت ہو سکے گی۔