(افضل بلال) پاک کیویز سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلی جانے والی 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 179 رنز کے ہدف کو 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی عبور کر لیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی ناقابل شکست میچ وننگ اننگز کھیلی، علاوہ ازیں ڈین فوکس کرافٹ نے 31، ٹم رابنسن نے 28 اور ٹم سیفرٹ نے 21 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
مہمان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنائے, پاکستان کے اوپنر نے اننگز کا اچھا آغاز کیا، صائم ایوب اور کپتان بابراعظم نے پاور پلے کا اچھا استعمال کیا اور ٹیم کو تگڑا سٹارٹ دیا، صائم ایوب 32 رنز بنا کر اننگز کے ساتویں اوور میں ایش سوڈی کے سپیل کی دوسری گیند پر پویلین لوٹ گئے، شاداب خان نے 41 ، بابر اعظم نے 37، محمدرضوان نے 23 ( ریٹائرڈ ہرٹ) اور عرفان خان 30 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
محمد رضوان نے بیٹنگ کے دوران دائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف محسوس کی، میڈیکل پینل نے احتیاط رضوان کو میچ نہ کھیلنے کا مشورہ دے دیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سوڈھی نے 2 جبکہ مائیکل بریسویل اور جیکب ڈفی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ نوجوان گیند باز عباس آفریدی کو میچ کا حصہ بنایا گیا ہے۔