علامہ اقبالؒ کا فلسفہ آج بھی مشعل راہ ہے:محسن نقوی

Apr 21, 2025 | 11:29:AM

( 24 نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مفکر پاکستان، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی 87ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ نے خودی، اتحاد اور بھائی چارے کا جو عالمگیر پیغام دیا، وہ آج بھی مسلم اُمہ کے لیے روشنی کا مینار ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر علامہ اقبالؒ مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کا خواب نہ دیکھتے تو آج ہم ایک آزاد وطن میں سانس نہ لے رہے ہوتے۔ ان کا احسان قوم تا قیامت نہیں اتار سکتی۔

 یہ بھی پڑھیں :سٹاک مارکیٹ میں پھر تیزی، ڈالر بھی سستا

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ علامہ اقبالؒ کا فلسفہ محض ماضی کا سرمایہ نہیں، بلکہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایک عملی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ "اقبال کے فلسفے کے مطابق ہمیں ہر چیلنج کا مقابلہ مل کر کرنا ہے، اور اس پر عمل کرنے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی،" انہوں نے کہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم متحد ہوں، اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے عزم کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ ہم آج کے دن علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کی تجدید کریں۔

مزیدخبریں