گرمیوں کا تحفہ" کلاسک گلاب قلفی" گھر پر بنائیں

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)جیسے ہی موسم گرما آتا ہے، کھانے سے لے کر مشروبات اور میٹھے تک ہم سب کچھ ٹھنڈا چاہتے ہیں۔
گرمیوں میں ٹھنڈے کھانوں سے لطف اندوز ہونا ایک عام سی بات ہے، ہر موقع کے لیے کوئی نہ کوئی خاص چیز ضرور ہوتی ہے اور انہی خاص چیزوں میں آئس کریم اور قلفی سرفہرست ہیں۔
قلفی ایک کلاسک میٹھا ہے جو عام دنوں سے لے کر شادیوں اور پارٹیوں تک ہر موقع پر پیش کیا جاتا ہے، خشک میوہ جات سے بھرپور کریمی قلفی ہمیشہ سے مقبول رہی ہے۔
روایتی طور پر، قلفی دودھ، کریم، کھویا اور چینی کے مرکب سے تیار کی جاتی ہے، اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث اب قلفی کی کئی اقسام دستیاب ہیں جیسے مٹکا قلفی، ربڑی قلفی اور بادام قلفی۔
اس بار ہم آپ کے لیے لے کر آئے ہیں ایک خاص اور منفرد گلاب قلفی کی ترکیب، اس کا خوبصورت گلابی رنگ آنکھوں کو بھاتا ہے اور گلاب کی مہک دل کو موہ لیتی ہے۔
گلاب قلفی کس چیز سے بنتی ہے؟
گلاب قلفی بنانے کے لیے مکمل چکنائی والا دودھ استعمال کیا جاتا ہے، جسے اچھی طرح ابالا اور گاڑھا کیا جاتا ہے, اس میں کاجو یا بادام کا پیسٹ شامل کیا جاتا ہے تاکہ قلفی کو کریمی بناوٹ ملے۔
پھر اس میں چینی، باریک کٹے ہوئے خشک میوہ جات، گلاب کا شربت، عرقِ گلاب، اور گلاب کی پتیاں شامل کی جاتی ہیں, آخر میں اس آمیزے کو سانچوں میں ڈال کر منجمد کیا جاتا ہے۔
گلاب قلفی کی مکمل ترکیب
اجزاء
1 لیٹر فل کریم دودھ
8-10 بھیگے ہوئے کاجو (پیسٹ بنایا ہوا)
2 کھانے کے چمچ چینی (یا حسب ذائقہ)
1 چائے کا چمچ عرقِ گلاب
2 کھانے کے چمچ گلاب شربت
1 کھانے کا چمچ باریک کٹے بادام
1 کھانے کا چمچ باریک کٹے پستے
گلاب کی پتیاں (اختیاری)
گلابی فوڈ کلرنگ (اختیاری)
ترکیب
ایک پین میں فل کریم دودھ ابالیں۔
کاجو کا پیسٹ تیار کریں اور دودھ میں شامل کریں۔
چپکنے سے بچانے کے لیے مسلسل ہلاتے رہیں۔
مکسچر کو درمیانی آنچ پر 10 منٹ تک پکائیں۔
باریک کٹے بادام اور پستے ڈالیں، اور چند منٹ مزید پکائیں۔
چینی شامل کریں اور مکس کرتے رہیں تاکہ اچھی طرح گھل جائے۔
جب آمیزہ آدھا رہ جائے اور گاڑھا ہو جائے تو آنچ بند کر دیں۔
مکسچر کو مکمل ٹھنڈا ہونے دیں۔
اس میں گلاب شربت، عرقِ گلاب، اور گلاب کی پتیاں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
چاہیں تو گلابی رنگ کا ایک قطرہ شامل کریں۔
تیار شدہ آمیزے کو قلفی کے سانچوں میں ڈالیں، اچھی طرح بند کریں اور 7-8 گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔
منجمد ہونے کے بعد نکال کر پیش کریں اور گرمیوں کا مزہ دوبالا کریں۔
تو اس بار گرمیوں میں، بازار کی قلفی کے بجائے گھر کی بنی ہوئی خوشبودار اور مزیدار گلاب قلفی ضرور آزمائیں!