نئے پوپ کا انتخاب کیسے ہوگا؟

Apr 21, 2025 | 22:14:PM

(ویب ڈیسک)کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس آج چل بسے۔ ویٹی کن نے ایک بیان میں کہا کہ پوپ فرانسس ایسٹر سنڈے کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں شرکت کے ایک دن بعد پیر کو 88 سال کی عمر میں چل بسے۔

پوپ فرانسس کا انتقال ویٹیکن سٹی میں ہوا، پوپ فرانسس نے گزشتہ روز ایسٹر کے تہوار میں شرکت کی تھی اور لوگوں سے ملاقات کی تھی۔پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے اور چند روز قبل ہی وہ بیماری سے صحتیاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے۔

 آخری رسومات اور تدفین

پوپ کی وفات کے 4 سے 6 دن بعد ان کی تدفین کا عمل ہوتا ہے جبکہ روم بھر میں 9 دن تک سوگ منایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ تابوت بند کرنے سے پہلے پوپ کے چہرے کو سفید کپڑے سے ڈھانپا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ایک تھیلی رکھی جاتی ہے جس میں ان کے دورِ پاپائیت میں بنائے گئے سکے اور ایک روگیٹو یعنی (پوپ کی زندگی کی مختصر تحریر) موجود ہوتی ہے۔

 پوپ کی موت سے قبل وصیت

موت سے قبل پوپ فرانسس نے وصیت کی تھی کہ انہیں سینٹ پیٹرز بیسیلیکا کی بجائے روم میں بیسیلیکا آف سینٹ میری میجر میں دفنایا جائے جو ان کے لیے خصوصی روحانی اہمیت کی حامل ہے۔

پہلے غیر یورپی پاپائے روم، جنہیں قدامت پسندوں کی تنقید کا سامنا رہا.

نئے پوپ کا انتخاب

پوپ کی وفات کے بعد 15 سے 20 دنوں میں کالج آف کارڈینلز کے ڈین 91 سالہ کارڈینل جیووانی بٹیسٹا رے دنیا بھر سے کارڈینلز کو ویٹیکن بلائیں گے۔ اور 80 سال سے کم عمر کارڈینلز پوپ کے انتخاب میں ووٹ دینے کے اہل ہوں گے۔

 رپورٹ کے مطابق پوپ کا اتتخاب سسٹین چیپل میں ہوتا ہے جہاں ہر کارڈینل انتخاب کے عمل کو خفیہ رکھنے کا حلف اٹھاتا ہے اور ووٹ ڈالتا ہے۔

پوپ کے انتخاب کے لیے دو تہائی اکثریت لازمی ہوتی ہے اور اس کے حاصل ہونے تک ووٹنگ کا عمل جاری رہتا ہے، ہر ووٹ کے بعد بیلٹ پیپرز کو خاص کیمیکلز کے ساتھ جلادیا جاتا ہے جس سے خارج ہونے والا دھواں سینٹ پیٹرز اسکوائر سے دکھائی دیتا ہے۔

 چمنی سے نکلنے والا کالا دھواں اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ پوپ کا انتخاب نہیں ہوسکا جبکہ سفید دھواں نئے پوپ کے انتخاب کا اشارہ ہوتا ہے۔

نئے پوپ کے انتخاب ہونے کے بعد کالج آف کارڈینلز کا ڈین منتخب کردہ پوپ سے پوچھتا ہے کہ کیا وہ یہ عہدہ قبول کریں گے اور وہ بطور پوپ خود کو کس نام سے مخاطب کروائیں گے جس کے بعد نئے پوپ کا اعلان کردیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جے یو آئی کے ساتھ اتحاد نہ ہونے کا معاملہ: بیرسٹر گوہر کا ردِ عمل آ گیا

مزیدخبریں