نئی افغان حکومت کا قیام ۔۔ ملا برادر کابل پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک) طالبان کے شریک بانی ملا عبدالغنی برادر گروپ کے ساتھی ارکان و دیگر سیاست دانوں سے نئی افغان حکومت کے قیام پر بات چیت کے لئے کابل پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر طالبان رہنما کا کہنا ہے کہ ایک جامع حکومت کے قیام کے لیے جہادی رہنماؤں اور سیاست دانوں سے ملاقات کے لئے ملا برادرکابل میں ہیں۔ دریں اثناء طالبان رہنما خلیل الرحمن حقانی کی حزب اسلامی کے سربراہ اور سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمتیار سے کابل میں ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ2010 میں پاکستان میں گرفتار کئے گئے ملا برادر کو 2018 میں امریکا کے مطالبے پررہا کیا گیا تھا وہ قطر میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ تھے اور امریکا سے مذاکرات میں اہم ترین کردارادا کیا۔ملا برادر منگل کو قطر سے افغانستان پہنچے تھے۔ ان کی واپسی کے چند گھنٹوں بعد طالبان نے اعلان کیا کہ اس بار ان کی طرز حکمرانی ماضی سے مختلف ہوگا۔
دوسری طرف طالبان نے افغان شہریوں کے خلاف انتقامی اور ظالمانہ کارروائیوں سے متعلق کہا ہے کہ ان میں ملوث طالبان جنگجوؤں کے خلاف تحقیقات ہوں گی۔طالبان کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان اپنی کارروائیوں کے لئے جواب دہ ہوں گے۔طالبان عہدیدار کے مطابق انہوں نے اگلے چند ہفتوں تک افغانستان کے لئے ایک نئے حکومتی ماڈل کا منصوبہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اشرف غنی کے بھائی کا طالبان کی حمایت کا اعلان