عمران خان پر مقدمے کا عندیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر مقدمے کا عندیہ دے دیا ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سانحہ لسبیلہ کے شہدا کے خلاف پی ٹی آئی نے مہم چلائی، جس میں شہدا کے لواحقین کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے پچھلے 10دنوں سے شہباز گل کے معاملے پر تماشہ لگایا ہوا ہے، شہبازگل نے نجی ٹی وی پرعمران خان کے بیانیے کو بیان کیا، شہبازگل نے قومی اداروں کے اہلکاروں اور افسران کواکسایا، اور رینکس کا نام لے کر کہا حکم نہ مانیں۔
ضرور پڑھیں :ایک بار پھر عوام پر بجلی گرانے کی تیاریاں
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہبازگل نے جو کہا وہ دراصل عمران خان اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے، عمران نیازی نے پاکستان پر وہ الزامات لگائے جو دشمن ملک بھی نہیں لگاتے، بہت سارے سیاستدانوں نے سیاست میں اداروں کی مداخلت پر بات کی، لیکن کسی سیاستدان نے فوج کو اپنی قیادت کے خلاف نہیں اکسایا۔ اسلام آباد پولیس نے شہبازگل کے خلاف کارروائی کرکے انہیں گرفتار کرلیا، شہباز گل کو ٹھیک 24 گھنٹے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جب انہیں پیش کیا گیا وہ مسکراتے ہوئے عدالت پیش ہوئے، اور انہوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے تشدد کی کوئی شکایت نہیں کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 11 اگست کوطبی معائنہ کرنے والے بورڈ نے شہبازگل کو تندرست قراردیا،اور کسی تشدد کا ذکر نہ بورڈ نے کیا نہ شہباز گل نے کچھ کہا۔ میں نے سب سے تسلی کی ہے کہ اپنے طور پر بھی معلومات لیں، میں بڑے وثوق کے ساتھ شہبازگل پر دوران پولیس حراست تشدد کی تردید کرتا ہوں، ہم اور ہماری جماعت کسی بھی سیاسی کارکن پر جسمانی اور ذہنی تشدد کی مخالفت کرتے ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 17تاریخ کو جب شہبازگل کا دوبارہ ریمانڈ دیا گیا تو ان کی حالت خراب ہوئی، اور اس میں بھی تشدد کی بنیاد پر صحت کی خرابی سامنے نہیں آئی، وہ 6 دن اڈیالہ جیل اور3 دن پولیس کسٹڈی میں رہے، لیکن انہوں نے کسی تشدد یا جنسی زیادتی کی بات نہیں کی۔ شہبازگل کے بیان کا دفاع کرنے کیلیے عمران خان یا پی ٹی آئی کے پاس الفاظ نہیں، پوری قوم ان کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، اب یہ لوگ قوم کی توجہ ہٹانے کے لیے تشدد کا ڈرامہ رچارہے ہیں، عمران خان افسران کو قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے پر دھمکی دے رہے ہیں، آفیسرز اور خاتون مجسٹریٹ کا نام لے کر دھمکیاں دینا انتہائی شرمناک ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے، میں تو سانحہ لسبیلہ کے بعد ہی اس پر مقدمہ درج کرانے کا کہنا تھا، ان کے خلاف مقدمہ کیلئے وزارت قانون سے رائے لے رہے ہیں، لسبیلہ مہم اور ٹی وی بیانیے پر وزارت داخلہ نے رپورٹ تیار کرلی ہے۔