(24 نیوز)وزیراعظم شہبازشریف کی آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اخترنوازسے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک میں سیلاب متاثرین خاص طور پرصوبہ سندھ میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں سے متعلق گفتگو کی۔
آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے صوبہ سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا،وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں زمینی رابطہ کٹنے کی وجہ سے ریسکیو اورر یلیف کی فراہمی میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کےلئے پاک فوج کے تعاون اور جذبے کو سراہا ۔
آرمی چیف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کو بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ،وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کےلئے بے نظیر انکم سپورٹ کوہدایت جاری کردی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے حکومت سندھ اور بلوچستان میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا،چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ریسکیو اور ریلیف سے متعلق اقدامات پر بریف کیا ،وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اوربحالی کی کوششوں کو مزید تیز کیاجائے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر مقدمے کا عندیہ