(24نیوز)شہرقائد میں 3 روز کے دوران پیپلز پارٹی کے دو مقامی عہدیداروں کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 17 اگست کو اورنگی ٹاؤن میں امجد حسین کو 10 گولیاں مار کر قتل کیا گیا جبکہ ہفتے کی رات کو اتحاد ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما شوکت حماد کو بھی گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا،ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کا کہنا ہے کہ عابد آباد میں مقتول شوکت حماد گھر کے باہر بیٹھا تھا، نامعلوم افراد موٹرسائیکل پر آئے اور 3 گولیاں مارکر فرار ہوگئے۔
مقتول پاکستان پیپلزپارٹی کا کارکن تھا اور یوسی 31 کا نائب صدر بھی تھا،واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا پھر ڈکیتی کے دوران مزاحمت یہ کہنا قبل از وقت ہے۔
عینی شاہد کے بیان کے بعد ہی واقعہ کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے،مقتول علاقے میں اچھی شہرت کا حامل تھا۔
17 اگست کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں موٹر سائیکل سوار ملزموں کی فائرنگ سے امجد حسین نامی شخص جاں بحق ہوگیا تھا ،ایس ایس پی فیصل بشیر میمن کے مطابق موٹر سائیکل پر تین ملزمان سوار تھے ۔ تینوں نے اپنا چہرا چھپانے کی غرض سے سرجیکل ماسک پہنا ہوا تھا جبکہ امجد گلی میں کھڑا تھا کہ ملزمان پہنچے اور انہوں نے گولیاں چلا دیں ۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے ، فوری طور پر قتل کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے،مقتول پیپلزپارٹی کا علاقائی عہدیدار بھی تھا تاہم پولیس نے آج امجد حسین قتل کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔