پی ٹی آئی چھوڑنے والے صمصام بخاری استحکام پاکستان پارٹی کو پیارے ہوگئے

انتخابات نئی مردم شماری پر ہونے چاہئیں، انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے، مجھے نہیں لگتا انتخابات مارچ سے آگے جائیں گے:جہانگیر ترین

Aug 21, 2023 | 16:23:PM

(24 نیوز)سابق صوبائی وزیر صمصام بخاری نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہونے چاہئیں، انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے، مجھے نہیں لگتا انتخابات مارچ سے آگے جائیں گے۔
سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنماء صمصام بخاری نے استحکام پاکستان پارٹی میں ضابطہ شمولیت کا اعلان کردیا، جہانگیر ترین اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے 9 مئی کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا، 9 مئی واقعات کی مذمت کرتا ہوں، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے تھا، 9 مئی واقعات نے ملک پر گہرا اثر چھوڑا ہے، اداروں اور حکومت کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے صمصام بخاری کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری تیاری سے الیکشن کا کوئی تعلق نہیں ہے، انتخابات نئی مردم شماری پر ہونے چاہئیں، انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے۔

ضرور پڑھیں:چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس

ان کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا انتخابات مارچ سے آگے جائیں گے، نئی مردم شماری نے دسمبر تک کا وقت دیا ہے۔ صدر مملکت کے آرمی ترمیمی ایکٹ اور سیکرٹ ایکٹ سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ عارف علوی نے جو بات کی اس پر مجھے افسوس ہے، نگران وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں اس پر واضح مؤقف دے دیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا ہے کہ آئی پی پی میں اتنے لوگوں کی شمولیت ہوگی کہ جمبو جہاز لینا پڑے گا۔

مزیدخبریں