پاک سعودی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، صدر عارف علوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے ملاقات کی جس کے دوران صدر مملکت نے او آئی سی کے ذریعے اہم مسلم مسائل بالخصوص تنازعہ جموں و کشمیر، فلسطین اور افغانستان پر مستقل حمایت پر سعودی عرب اور اس کی قیادت کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے موجودہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ ایران کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہا۔
صدر مملکت نے حج کے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیے: سابق امریکی صدر ٹرمپ کا ر یپبلکن کے پہلے پرائمری مباحثے میں حصہ نہ لینےکا اعلان
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی تعلقات پر مبنی ہیں، سعودی عرب کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی مسلسل حمایت اور مالی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا اور سعودی بادشاہ اور ولی عہد کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچانے کا بھی کہا۔
سعودی وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں ، دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تعلقات میں مزید فروغ کی ضرورت ہے، سعودی عرب عازمین کو حج اور عمرہ کیلئے اچھی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔