سندھ حکومت کا گھر بیٹھے گاڑی رجسٹرڈ کرانے کی سہولت کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)گاڑی رکھنے والے افراد کیلئے خوشخبری،سندھ حکومت نے صوبے میں گھر بیٹھے گاڑی رجسٹرڈ کرانے کی سہولت کا اعلان کردیا۔
اس بات کا اعلان وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ایکسائز شرجیل میمن نے کیا، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ایکسائز کی کل اہم میٹنگ ہوئی ہے، اب گھر بیٹھے گاڑی رجسٹرڈ ہوجائے گی،اس کی10ہزار سرکاری فیس ہوگی، بائیو میٹرک اور ویری فکیشن بھی گھر بیٹھے ہی ہوگی، ہم ساری چیزیں آن لائن کرنے جا رہے ہیں، ہم نے پریمیئم نمبر پلیٹس فروخت کرکے 4 گھنٹوں میں 67 کروڑ جمع کئے تھے، ستمبر میں دوبارہ آکشن کرنے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ گزشتہ روز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سائبر نائف سرجری کے منصوبے کا افتتاح کیا، ان ہسپتالوں میں صرف سندھ کے لوگوں کا علاج نہیں ہوتا پوری پاکستان سے لوگ آتے ہیں، سائبر نائف سرجری سندھ میں مفت ہوتی ہے اور امریکا میں یہ علاج دوکروڑ روپے سے زائد میں ہوتا ہے، نیوزی لینڈ میں یہ علاج ایک کروڑ اسی لاکھ روپے میں ہوتا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہم پر پنجاب حکومت کے کچھ لوگ تنقید کر رہے ہیں، افسوس ہوا، ہم نے کبھی منفی سیاست نہیں کی، چھوٹے بھائی نے بجلی کے بل بڑھا دیے اور بڑے بھائی نے دو ماہ کے لیے سہولت دے دی، آپ لوگوں کو صرف دو مہینوں تک سستی بجلی دے رہے ہیں؟،اس کے بعد کیا ہوگا؟ جب کہ ہمارے لیڈر کا مقصد لیڈر لانگ ٹرم ریلیف فراہم کرنا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پورے پاکستان کے صحافیوں کو تھرپارکر کا دورہ کروائیں گے، معاشی اور انرجی ماہرین کے رائے ہے کہ سستی بجلی تھرپارکر کے کوئلے سے ملے گی، تھرپارکر سے بجلی نیشنل گرڈ میں جا رہی ہے۔