(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ نادیہ افگن نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کام نہیں کیا اور نہ ہی کبھی مستقبل میں اُن کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی۔
نادیہ افگن نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اپنی نجی زندگی سمیت کیریئر سے متعلق گفتگو کی،اس دوران میزبان نے نادیہ افگن سے سوال کیا کہ آپ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کس کے ساتھ کبھی کام نہیں کرنا چاہتیں؟اس سوال کا جواب دینے سے قبل نادیہ افگن نے کہا کہ مجھ سے جب بھی کسی شو میں اس طرح کا کوئی سوال کیا جاتا ہے تو میں فوراََ بلاجھجھک جواب دے دیتی ہوں جس پر مجھ سے سینئر اداکارائیں کہتی ہیں کہ ایسے جواب دینے سے گریز کیا کرو۔
اداکارہ نادیہ افگن نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا جواب خلیل الرحمان قمر ہیں، میں نے کبھی خلیل صاحب کے ساتھ کام نہیں کیا اور نہ ہی کبھی مستقبل میں اُن کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے والد کے ہمراہ تصویر اور جذباتی پیغام شیئر کر دیا
شوکے دوران میزبان نے اداکارہ سے اُن کی زندگی کے مشکل ترین فیصلے کے بارے میں بھی سوال کیاتو نادیہ افگن نے کہا کہ بچے پیدا نہ کرنا میری زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا،طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے دو بار میرا حمل بھی ضائع ہوگیا تھا، میں نے بہت علاج بھی کروایا لیکن بدقسمتی سے میرا علاج کامیاب نہ ہوسکا، حمل ضائع ہونے کی وجہ سے میری ذہنی و جسمانی صحت شدید متاثر ہوئی، بہت کوششوں کے باوجود بھی اولاد کی نعمت سے محروم رہی، پھر میں نے اور میرے شوہر نے اللہ تعالیٰ کی رضا سمجھتے ہوئے اولاد کے بغیر ہی زندگی گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔
نادیہ افگن نےگفتگوکرتے ہوئے مزیدکہاکہ اس مشکل وقت میں میرے شوہر نے میرا بہت ساتھ دیا اور وہ میرے ہر فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے میرے ساتھ کھڑے رہے۔