ایران میں بس کا خوفناک حادثہ، صدر، وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرداخلہ کا اظہارافسوس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنیوالے حادثے میں 35 قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایران کے شہر یزد میں زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 15 زائرین زخمی ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے المناک حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ زخمی جلد از جلد صحت یاب ہوں۔
وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور تہران میں پاکستانی سفارت خانے کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدرمملکت آصف زرداری کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کے المناک حادثے پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لئے دعا ئےمغفرت اور لواحقین کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے وزارت خارجہ کو میتوں کو پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانے کی ہدایت بھی کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس المناک حادثے میں 35 پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے جاں بحق ہونے والے زائرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔
محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اظہارافسوس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی حادثے میں درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا دکھ کا اظہار
علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے بس حادثے میں جاں بحق ہونے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
واضح رہے کہ ایران کے شہر یزد میں زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ حادثے میں 15 زائرین زخمی ہوئے ہیں۔