190 ملین پاؤنڈ ریفرنس, عمران خان، بشریٰ بی بی کے وکلا کی غیر حاضری پر سماعت ملتوی

Aug 21, 2024 | 14:38:PM
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس, عمران خان، بشریٰ بی بی کے وکلا کی غیر حاضری پر سماعت ملتوی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت پی ٹی آئی کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا کی عدم موجودگی پر ملتوی کردی گئی ۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،اس موقع پر ان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے،سماعت کے آغاز پر پر بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں بتایا کہ ہمارے کونسل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔

اس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کا عدالت میں کہنا تھا کہ وکلا صفائی آج آٹھویں مرتبہ تفتیشی افسر پر جرح نہیں کر رہے، وکلا صفائی تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں،نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، تین مرتبہ اگر گواہ پر جرح نہ ہو تو حق دفاع ختم ہو جاتا ہے، ہم نے تاحال حق دفاع ختم کرنے کی درخواست نہیں کی۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت وکلا صفائی کو پابند کرے کہ وہ تفتیشی افسر پر اپنی جرح مکمل کریں۔

بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے وکلا کی عدم موجودگی پر سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی۔

سماعت ملتوی ہونے پر نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح نہ ہوسکی۔

خیال رہے کہ 17 اگست کو راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں ریفرنس کے تفتیشی افسر ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عمر ندیم کے بیان پر چھٹی مرتبہ جرح مکمل نہ ہو سکی تھی۔